پی ٹی آئی کے ’سلیکٹو مذاکرات‘ کی ناکامی پہلے دن سے ظاہر ہے، خواجہ آصف

ہفتہ 4 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مذاکرات کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم اگر پی ٹی آئی نے سلیکٹو مذاکرات کرنے ہیں تو ان مذاکرات کی ناکامی پہلے دن سے ظاہر ہے۔

سیالکوٹ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے 3 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی ہے اور نعرہ لگایا جارہا ہے کہ ہم صرف آرمی چیف یا ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس پارٹی کی قیادت، ورکرز میں اور عہدیداران میں یہ اتنا بڑا تضاد ہے جس کی مثال پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان مذاکرات کی بات کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ بات چیت کے دروازے 18 ماہ سے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم بھی یہی کہتے تھے مگر انہیں اب پتہ چلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا حامی ہوں کہ اگر کوئی مذاکرات ہوں تو قومی سطح پر ہوں جس میں اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، سیاسی جماعتیں اور دیگر فریق شامل ہوں۔

’9 مئی کو سازش ہوئی‘

سانحہ 9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے اور سازش کے تحت پاک فوج کی تنصیبات پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبشمنٹ کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات رہے اور اس کا اظہار بھی ہوتا رہا، اسٹیبلشمنٹ بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر حکمرانی بھی کرتی رہی لیکن ایسا پہلی بار ہوا کہ ایک سیاسی جماعت نے اپنے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ منظور ہونے کے بعد اس کا غصہ فوج کی تنصیبات، شہدا کی یادگاروں، کور کمانڈر ہاؤس لاہور، جی ایچ کیو راولپنڈی، میانوالی ایئر بیس سمیت کئی تنصیبات پر حملے کی صورت میں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی ویڈیوز لوگوں نے اور میڈیا نے بنائیں اور یہ سب کچھ اخبارات، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر دیکھا گیا، سینکڑوں لوگ گرفتار ہوئے، یہ ایسا دن تھا جس میں ریڈ لائن پار کی گئی، پاکستان کی اساس پر حملہ کیا گیا، نظریاتی یا دوسرے اختلافات اپنی جگہ لیکن ایک سیاسی جماعت نے اپنی قیادت کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے ساتھ سارے اہداف کی نشاندہی کی، یہ بہت بڑی سازش پاکستان کی سالمیت اور افواج کے خلاف کی گئی، ہمارے بدترین دشمن بھارت نے بھی اتنی دیدہ دلیری نہیں دکھائی۔

’گزشتہ 9 مئی کے نعروں کی جگہ منت سماجت نے لے لی‘

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو جو اندرون خانہ بغاوت ہوئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی جس میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے ان تنصیبات پر حملہ کیا اور حقیقی آزادی، غلامی نامنظور اور دیگر نعرے لگائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو جو اندرون خانہ بغاوت ہوئی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی جس میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے ان تنصیبات پر حملہ کیا اور حقیقی آزادی، غلامی نامنظور اور دیگر نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بے شمار لوگ 9 مئی واقعات کے مقدمات میں قید ہیں اور کچھ رہا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے اب تک پی ٹی آئی قیادت نے اپنے کسی گرفتار کارکن کا پتہ نہیں کیا اور انہیں لاوارث چھوڑ دیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 9 مئی 2023 سے آنے والی 9 مئی تک ان کا کردار دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ جو لوگ امریکا کوگالی دیتے تھے، اب باقاعدہ لابی کرکے اور پیسے دے کر ان کی منت سماجت کر رہے ہیں، گزشتہ 9 مئی والے نعرے غائب ہوگئے اب ان کی جگہ ترلے منتیں آگئی ہیں، اب تھوڑ پھوڑ اور تنصیبات پر حملوں کی جگہ منت سماجت نے لے لی ہے۔

’9 مئی 2024 کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا‘

انہوں نے کہا کہ رواں برس 9 مئی کے حوالے سے پیر کو میڈیا کے سامنے بات ہوگی، قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں 9 مئی کے واقعات کو یاد کیا جائے گا کہ کسی نے پاکستان کی اساس اور نظریات پر ہاتھ ڈالا تھا، یہ کام پاکستان کا ازلی دشمن تو کرسکتا ہے لیکن پاکستانی جماعت یا اس کے کارکن نہیں کرسکتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp