سلطان اذلان شاہ فیلڈ ہاکی کپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 4-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی بھی سمیٹ لی، اس سے قبل پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے حنان شاہد، ارشد لیاقت، غضنفر علی اور سفیان خان نے ایک ایک گول کرکے جنوبی کوریا کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
مزید پڑھیں
فیلڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا 30 واں ایڈیشن 4 سے 11 مئی تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ کپ میں کینیڈا، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
اتوار کو سلطان اذلان شاہ فیلڈ ہاکی کپ میں پاکستان نے اپنی حریف ٹیم جنوبی کوریا کو 0-4 سے شکست دے کر آؤٹ کلاس کر دیا، جنوبی کوریا کی ٹیم چاروں کوارٹرز میں کوئی بھی گول نہ کر سکی، پاکستان نے اس طرح زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
اس سے قبل پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے میزبان ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے میں 4-5 سے شکست دے دی۔
سابقہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان کو جنوبی کوریا پر پہلے سے ہی برتری حاصل تھی۔ جنوبی ایشیائی ملک نے کوریا کے خلاف مجموعی طور پر 14 میچ جیت رکھے تھے۔ دونوں ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکی تھیں۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم نے ہفتے کے روز ملائیشیا کو 4-5 سے شکست دے کر مقابلہ جیت لیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے ڈریگ فلکر سفیان خان نے ہیٹ ٹرک کی تھی جبکہ زکریا حیات اور ابو بکر محمود نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سلطان اذلان شاہ کپ 2024 ء میں پہلے راؤنڈ رابن مرحلہ ہوگا جس میں تمام 6 ٹیمیں ایک بار ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس کے بعد پوزیشنل پلے آف ہوگا۔