مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کو جنوبی ایشیا کا صفِ اول کا اے آئی اور ٹیکنالوجی ہب بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے پاشا کے سی ایکس او نیٹ ورکنگ ڈنر میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں امریکی، برطانوی اور دیگر سفارتی مشنز کے نمائندوں، سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، آئی ٹی صنعت کے رہنماؤں اور پاکستان کی صفِ اول کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تقریباً 200 چیف ایگزیکٹو افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ بھی تقریب میں مشترکہ مہمانِ خصوصی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:اے آئی اور کھیلوں کا امتزاج نوجوانوں کو عالمی مواقع فراہم کرے گا، علی ڈار
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے سالانہ 2 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی برآمدات ایک قابلِ فخر قومی کامیابی ہے، جسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب میں عالمی معیار کا اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری، اختراع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ٹی شعبہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے، برآمدات بڑھانے اور زرمبادلہ میں اضافے کا ایک مضبوط ذریعہ بن سکتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی برآمدات ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کو اے آئی پر مبنی جدید گورننس ماڈل میں ڈھالنے کے لیے اقدامات جاری، علی ڈار
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری ہی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آئی ٹی صنعت کو عالمی منڈیوں میں مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، جبکہ پاشا جیسی تنظیمیں مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی بنیاد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔













