پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) قومی خزانے پر بوجھ تصور کیے جانے والے سرکاری اداروں میں سے ایک ہے، جو کہ اس وقت 830ارب روپے سے زیادہ کا مقروض ہے، اس قرض کی وجہ سے کئی برسوں سے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم شہباز شریف نے مارچ میں بھی پی آئی اے کی نجکاری پر عملدرآمد کے لیے حتمی شیڈول طلب کیا تھا، لیکن اس کے باوجود ابھی تک نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔ نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے جسے مکمل کرنے کا ہدف پہلے جون2024 اور اب اگست بتایا گیا ہے۔
وی نیوز نے نجکاری کمیشن سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ کون سے ادارے، کمپنیاں یا ممالک ہیں جو پی آئی اے کو خریدنا چاہتے ہیں۔
ذرائع نجکاری کمیشن نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے 9اگست 2023 کو کیا تھا جس کے بعد پی آئی اے کے قرض کو کم کرکہ خریداروں کی دلچسپی حاصل کرنے کے لیے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کا قیام 20 مارچ 2024 کو کیا گیا۔
نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول اور 51 فیصد شیئر فروخت کرنے کے لیے اشتہار 2 اور 3 اپریل 2024 کو جاری کیا، جس پر متعدد ایئرلائن سمیت 12 پارٹیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا، بعد ازاں 8 پارٹیوں نے اپنے کاغذات جمع کرائے۔
نجکاری کمیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی پری کوالیفیکیشن کمیٹی نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والی 8 پارٹیوں میں سے 6 پارٹیوں کو پی آئی اے کی خریداری کا اہل قرار دیا۔ ان کمپنیوں میں 4 پاکستانی نجی ایئرلائن، ایک نجی کمپنی، جبکہ 3 دیگر نجی کمپنیوں نے مختلف کمپنیوں کے اشتراک سے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
پی آئی اے کی خریداری میں نجی ائیر لائن فلائے جناح، ایئر بلیو اور عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ سیرین ایئر، ایئر سیال اور لیبرٹی ڈہرکی (Liberty Daharki) پاور لمیٹڈ نے پاک ایتھانول کی سربراہی میں پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس کے علاؤہ پائنیر (Pioneer) سیمنٹ لمیٹڈ، (Artistic) آرٹسٹک ملینرز لمیٹڈ، اے این ایس کیپیٹل پرائیویٹ لمیٹڈ اور میٹرو ونچرز پرائیویٹ لمیٹڈ نے وائے بی ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی سربراہی میں جبکہ بلیو ورلڈ ایوی ایشن اور آئی آر آئی ایس کمیونیکیشن لمیٹڈ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بلیو ورلڈ سٹی کی سربراہی میں پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔