پنجاب حکومت اور تعلیم کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق

اتوار 7 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب سے سر مائیکل باربر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔

سینیئر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سر مائیکل باربر کے ماضی کے تعاون اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب میں 530 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیموں کو بند کرکے بجٹ صحت و تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے وفد کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے تعلیم، نوجوانوں کی ہنرمندی، ماحولیات سمیت گورننس کے نظام میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر بریف کیا۔

اسکولوں میں تمام سہولیات یقینی بنارہے ہیں، مریم اورنگزیب

سینیئر وزیر پنجاب نے کہاکہ پورے صوبے میں ہر بچے اور بچی کی تعلیم یقینی بنانے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، اسکولوں میں تمام سہولیات اور استاد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تعلیمی نظام کی اصلاح کی جا رہی ہے۔

انہوں ںے کہاکہ پہلی بار پسماندہ ترین اضلاع میں 20 ارب روپے سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے کھانے اور دودھ کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ بچوں کے اولین سالوں میں عالمی معیار کا بہترین تعلیمی نظام ’ارلی ایئر ایجوکیشن سسٹم‘ شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی 10 یونیورسٹیوں کے طلبا وطلبات کو انٹرنیشنل اسکالرشپ پر پڑھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات، پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہاکہ حکومت نے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کا آغاز کردیا، کسان کریڈٹ کارڈ سے معیاری بیج، کھاد اور ٹریکٹر سمیت مشینری دے رہے ہیں۔

’ہمت کارڈ پروگرام کیش اور اسکل ڈویلپمنٹ کے زمرے میں شروع کررہے ہیں‘

مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہمت کارڈ پروگرام کیش اور اسکل ڈویلپمنٹ کے زمرے میں شروع کررہے ہیں، آئی ٹی سٹی لاہور سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے وسیع پروگرام پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے، ڈیجیٹل پنجاب کے ذریعے سرکاری خدمات گھروں تک پہنچانا شروع کردیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے تمام نظام کی اوور ہالنگ کر رہی ہیں، کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال سے لاکھوں مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ شہروں کے ساتھ دیہات میں ماں اور بچے کے علاج کی جدید سہولیات، مفت ادویات اور تشخیص و علاج کی جدید مشینری بھی فراہم کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی کا افتتاح کردیا

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی کے استعمال سے تیار کردہ سکور کارڈ سے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کو منسلک کر دیا ہے۔ کارکردگی کے اہداف پر پیش رفت کی نگرانی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود کررہی ہیں۔

’وباٸی امراض کی ویکسینیشن اورعلاج کے حوالے سے گراس روٹ لیول پر کام جاری ہے‘

انہوں نے کہاکہ خسرہ، پولیو اور دیگر وباٸی امراض کی ویکسینیشن اورعلاج کے حوالے سے گراس روٹ لیول پر کام جاری ہے، جبکہ فضاٸی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے کے ملٹی سیکٹورل اسموگ ایکشن پلان پر حکومت اور نجی شعبہ جنگی بنیادوں پرکام کررہا ہے۔

اس موقع پر وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی خدمات، نظام میں بنیادی تبدیلی کے وژن اور آئی ٹی کے استعمال کے منصوبوں کو سراہا۔

سر مائیکل باربر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئیر کے ڈلیوری یونٹ کے علاوہ دنیا کے 50 سے زیادہ ممالک میں حکومتی شعبے میں اصلاحات کے لیے کام کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp