بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمان کے سوگ والی عام تعطیل ختم

منگل 13 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے والد اور ملک کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کے قتل پر ہر سال 15 اگست کو منائے جانے والے یوم سوگ پر عام تعطیل ختم کردی۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ واجد نے اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام امریکا پر عائد کر دیا

ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن کے ذرائع کہتے ہیں کہ 15 اگست کو قومی یوم سوگ کے طور پر منائی جانے والی عام تعطیل کو منسوخ کیا جا رہا ہے۔

پولیس، بی جی بی، آر اے بی اور ممکنہ طور پر فوجی اہلکاروں کو بھی 15 اگست کو نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

منگل کو وزارت کے حکام نے تصدیق کی کہ منسوخی سے متعلق ایک نوٹیفکیشن تیار کر لیا گیا ہے۔

سینیئر حکام کی طرف سے ہدایات موصول ہوتے ہی نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیے: بنگلہ دیش میں حکومت کا خاتمہ، بھارتی میڈیا کی پاکستان پر چڑھائی

قبل ازیں عبوری حکومت کے امور داخلہ کے مشیر بریگیڈیئر جنرل (ر) ایم سخاوت حسین نے کہا تھا کہ ہم 15 اگست کی چھٹی کے بارے میں  ایک اہم فیصلہ کرنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ 15 اگست کو نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی ایک قابل ذکر تعداد تعینات کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی خلل پیدا نہ کرے۔

واضح رہے کہ15  اگست 1975 کو بنگلہ دیش میں ایک فوجی بغاوت ہوئی تھی جسے بنگلہ دیش میں 15 اگست 1975 کو درمیانے رینک کے فوجی افسران نے شروع کیا تھا۔ وہ اہلکار بنگلہ دیش کے بانی اور صدر شیخ مجیب الرحمان کو قتل کرنے کی سازش کا حصہ تھے۔ مجیب الرحمان اور ان کے خاندان کے بیشتر افراد بغاوت کے دوران مارے گئے تھے جبکہ ان کی 2 بیٹیاں شیخ حسینہ اور شیخ ریحانہ اس وقت بیرون ملک ہونے کے باعث بچ گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp