وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسوں کے ذریعے باہر نہیں آسکتے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بچے کیوں جلسے میں نہیں آرہے؟ جلسے کی اجازت دے کر پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت ثابت کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ علی امین تحریری طور پر نہیں تو جلسے میں معافی مانگیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسے کے لیے ایس اوپیز جاری کیے ہیں، عدالت نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی درخواست نمٹادی تھی، ایس او پیز کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
’یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ علی امین گنڈا پور معافی مانگیں گے، وہ تحریری معافی نہیں مانگ سکتے تو جلسے میں مانگ لیں‘۔
مزید پڑھیں: لاہور جلسہ: تحریک انصاف کے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری، بیرسٹر گوہر بھی روانہ
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے انتظامیہ کو درخواست دیے بغیر لاہورہائیکورٹ پہنچ جاتے ہیں، آج پی ٹی آئی کا جلسہ کاہنہ مویشی منڈی میں ہے، ہرپل سے پہلے اونچائی لکھی ہوئی ہے، انہوں نے وہاں کنٹینر پھنسا دیا، ہم نے کوئی سڑک بند نہیں کی، اب ہم پر الزام لگایا جائے گا کہ حکومت نے راستہ بلاک کردیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور ڈنڈا بردار فورس لیکر لاہور آرہے ہیں، فورس کے پاس اسلحہ بھی موجود ہے، جلسے کے لیے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کو لایا جارہا ہے، ہم جلسے میں شرکت کرنے والوں کی تواضع کریں گے۔
’آفیشل واٹس ایپ گروپ میں علی امین گنڈاپور کو تیاریوں کا بتایا جا رہا ہے، کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ: کنٹینرز سے نمٹنے کے لیے کرینز کا لشکر لاہور گامزن
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ شیرافضل کو کورونا ہوگیا، عمر ایوب کی بھی طبیعت خراب ہوگئی ہے، جلسے میں 9مئی کے اشتہاریوں کو دیکھا جائے گا، پنجاب کے عوام مصروف ہیں جلسے کے لیے پی ٹی آئی اپنے لوگ لے کر آئے۔
’ہم پی ٹی آئی والوں کو لاہور آنے دے رہے ہیں یہ بڑا احسان ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ سڑک بند نہیں ہوگی لیکن بندے انہیں خود لانے پڑیں گے، منتظمین 6 بجے جلسہ ختم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔