وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لندن میں قتل کی دھمکی دینے، ہراساں کرنے اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے واقعے کا مقدمہ لندن میں ہی درج کروا دیا ہے۔
جمعرات کے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا، خواجہ آصف نے لندن میں نامعلوم شخص کے خلاف ان کو ٹرین میں دھمکیاں دینے، ہراسان کرنے اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ کہنے کے واقعے کی پاکستان ہائی کمیشن میں مقامی پولیس کو رپورٹ درج کراوائی۔
یہ بھی پڑھیں: لندن میں خواجہ آصف کو دھمکیاں ’سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن گالی دینے کی حمایت نہیں کی جا سکتی‘
خواجہ محمد آصف نے پولیس کو ٹرین میں چھری سے قتل کی دھمکی اور ہراسگی واقع کی تفصیلات سے آگاہ کیا، واقع کی تحقیقات لندن ٹرانسپورٹ پولیس کررہی ہے۔
🚨Defence Minister Khawaja Asif filed report to the UK police about threat to kill with a knife at the London station. @KhawajaMAsif met police at the high commission https://t.co/n5fPt2bs9q pic.twitter.com/13SKVsz4GA
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) November 14, 2024
یاد رہے کہ 11 نومبر کو لندن میں الزبتھ لائن میں ایک شخص نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو ریل سے نکلتے ہوئے گالیاں دی تھی، انہیں قتل کی دھمکیاں دیں اور ان کے خلاف نازیبا جملے کسے۔
خواجہ آصف نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ لندن میں نجی دورے پر ہوں، اپنے ایک عزیز کے ہمراہ الزبتھ لائن کے ذریعے ریڈنگ جا رہا تھا کہ 3 سے 4 افراد پر مشتمل ایک خاندان کے افراد نے ٹرین میں ہراساں کیا، بلا اجازت ویڈیو بنائی ، نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور چھری سے قتل کرنے کی دھمکی دی۔
یہ بھی پڑھیں: لندن میں وزیردفاع خواجہ آصف کو گالیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ واقع میں ملوث کسی فرد کو وہ نہیں پہچانتے، لندن ٹرانسپورٹ پولیس سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے متعلقہ ملزمان کا سراغ لگائے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قتل کی دھمکیاں اور ہراساں کرنے کے ایسے مذموم واقعات برطانیہ میں مقیم 17لاکھ پاکستانی نثراد برطانوی شہریوں کے لیے بھی باعث شرم اور قابل افسوس ہیں۔