ورزش سے جہاں آپ کے جسم کے دیگر اعضا تندرست رہتے ہیں وہیں اس سے آپ کینسر جیسے خطرناک مرض کو بھی قابو کر سکتے ہیں۔
نئی تحقیق کے مطابق ورزش سے انسانی جسم میں میوکائنز جیسے پروٹین کا اخراج بڑھ جاتا ہے جس سے کینسر کی رسولیوں سکڑنا شروع ہو جاتی ہیں۔
ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ جو لوگ کینسر کے علاج سے گزر رہے ہیں اگر وہ ہمت کر کے علاج کے ساتھ ورزش بھی شروع کر دیں تو وہ تیزی سے کینسر پر قابو پا سکتے ہیں۔
ماہرین نے تحقیق کے لیے پروسٹیٹ کینسر کے 10 مریضوں کو 12 ہفتوں تک ورزش کے عمل سے گزارا جس میں ایئروبِک اور پٹھے مضبوط کرنے والی ورزشیں شامل تھیں۔
ورزش کے ساتھ مریضوں کی خوراک کا بھی خیال رکھا گیا جس میں پروٹین سپلیمنٹ اور کم کیلوری والی غذائیں دی گئیں۔ ان سب کا مقصد خون میں میوکائنز کی سطح معلوم کرنا تھا۔ جو پٹھے بنانے والا ایک ہارمون ہے جو ورزش کے دوران جسمانی ڈھانچے سے خارج ہوتا رہتا ہے۔
سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ میوکائن کا اخراج سرطان کو روکنے کے ساتھ اسے پھیلنے سے بھی روکتا ہے۔تین ماہ کی ورزش سے جسم میں میوکائنز بڑھ جاتے ہیں جس کی تصدیق خون کے ٹیسٹ میں ہوئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ مائیوکائنز کینسر کے خلیات کو نہیں مارتے لیکن وہ جسم کے دیگر خلیات کو کینسر کی رسولیوں کو کم کرنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔