پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں قتل کی ایک لرزہ خیز کہانی سامنے آئی ہے جس میں مبینہ قاتل نے کزن کو قتل کرنے کے بعد اس کا انگوٹھا کاٹا اور اے ٹی ایم سے 10لاکھ روپے نکلوائے، لیکن لاش ٹھکانے لگاتے وقت پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق شیخوپورہ میں ملزم نے ساتھیوں کی مدد سے خالہ زاد بھائی کو قتل کیا، جس کی لاش کار سے برآمد ہوئی جس کا انگوٹھا کٹا ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: بہارہ کہو پولیس کی کارروائی، اندھے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کرنے کے بعد اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے پیسے نکالنے کے لیے مقتول کا انگوٹھا کاٹا اور 10 لاکھ روپے نکلوائے اور جب لاش نہر میں پھینکنے جارہے تھے کہ پکڑے گئے۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ کے مطابق ، تھانہ ہاؤسنگ کالونی پولیس کو مشکوک کار کی تلاشی پر بوری بند نوجوان شخص کی نعش ملی، نوجوان کو بذریعہ فائر قتل کیا گیا اور ایک ہاتھ کا انگوٹھا بھی کٹا ہوا تھا۔
پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں اپنے تمام تر وسائل کی مدد سے ملزمان گرفتار کرلیے۔ پولیس کے مطابق سگے خالہ زاد بھائی نے پیسوں کی لالچ پر اپنے دوستوں کےساتھ مل کر اپنے بھائی کا قتل کیا، ملزمان نے مقتول یاسین کو فیصل آباد سے بلا کر قتل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہر 10 منٹ بعد ایک خاتون اپنوں کے ہاتھوں قتل ہوجاتی ہے، رپورٹ
’ملزمان نے مقتول کا انگوٹھا کاٹ کر 10 لاکھ روپے بذریعہ اے ٹی ایم بھی نکلوائے، باقی رقم نکلوانے کے لیے مقتول کا انگوٹھا کاٹ کر پاس رکھ ہوا تھا‘۔
واضح رہے مقتول والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ تاہم، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے چند ہی گھنٹوں میں اندھا قتل ٹریس کرلیا۔