انڈر 19 ون ڈے ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں عزیز الحکیم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا، بنگلہ دیش نے پاکستان کے 117 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی 22.1 اوور میں پورا کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ: شاہزیب خان کی پھر شاندار سینچری، یو اے ای کو 69 رنز سے شکست
پاکستان کے 116 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب کلام صدیقی علی رضا کی گیند پر فرحان یوسف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 28 کے مجموعی اسکور پر گری جب زواد ابرار 17 رنز بنا کر عبدالصبحان کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد شہاب جیمزنوید احمد خان کی گیند پر شاہزیب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات کپتان عزیز الحکیم کی نا قابل شکست شاندار اننگز ہے جس میں انہوں نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کر کے ٹیم کو فتح دلا دی، رضوان حسین نے ناٹ آؤٹ 5 رنز اسکور کیے جبکہ پاکستان نے 11 رنز ایکسٹرا دے دیے۔
مزید پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ: شاہ زیب خان کی شاندار اننگز، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دیدی
پاکستان کی جانب سے علی رضا، عبدالسبحان اور نوید احمد خان نے ایک ایک کھلاڑ ی کو آؤٹ کیا
اس سے قبل پاکستان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا، پاکستانی بلے بازوں کی وکٹیں خزاں میں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
پاکستان کی پہلی وکٹ2 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان صفر پر بولڈ آؤٹ ہو گئے دوسری وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر گری جب مسلسل دو مرتبہ سینچری اسکور کرنے والے پاکستانی اسٹار بلے باز شاہزیب خان بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ49 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعد بیگ 18رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، چوتھی وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب نوید احمد خان صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 74 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد ریاض اللہ 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ 79 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہارون ارشد 10 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے، ساتویں وکٹ 113 کے مجموعی اسکور پر گری جب فرحان یوسف 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کی جانب سے وہ ٹاپ اسکورر رہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان انڈر 19 ٹیم شاندار فتح کے ساتھ سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 116 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمر زیب صرف ایک رنز پر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کی نویں وکٹ 116 کے مجموعی اسکورپر گری جب عبدالسبحان صفر پر آؤٹ ہو گئے، دسویں اور آخری وکٹ بھی 116 کے مجموعی اسکور پر گری جب علی رضا بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے، فہیم الحق نے نا قابل شکست 8 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش نے 17 رنز ایکسٹرا دیے، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 99 رنز کا اضافہ ہی کر سکی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اقبال حسین ایمون نے 4، معروف مردہا نے 2 جبکہ الفہد اور دیبایش دیبا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔