عراقی وزیر برائے محنت و سماجی امور احمد الاسدی کو بغداد کے ایک ریسٹورنٹ نے جھانسا دے کر اپنی تعریفی ویڈیو بنوالی جس کا احساس ہونے کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراقی وزیر نے بغداد کے ضلع الجادریہ میں ایک معروف ریسٹورنٹ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ ریسٹورنٹ نے ان کی موجودگی کو اپنے پروپیگینڈے کے لیے استعمال کیا ہے۔
درخواست گزار وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں ایک ریسٹورینٹ کی انتظامیہ کی طرف سے تیار کردہ ایک ویڈیو کلپ دیکھ کر حیرت ہوئی جس میں ریسٹورینٹ کی انتظامیہ نے اپنے کام کے بارے میں وزیر سے ان کی رائے دریافت کی تھی جس پر انہوں نے بے ساختہ انداز میں مذکورہ ریسٹورنٹ کے کھانوں اور سروس کی تعریف کر دی۔
درخواست میں کہا گیا کہ بعد میں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پھیلا دیا گیا جس میں وزیر کی ریسٹورنٹ کی تعریف کردینے سے ایسا تاثر ملا جیسے وہ ریسٹورنٹ کے حق میں پروپیگینڈا اسٹار کے طور پر بول رہے ہوں۔
وزارت کے میڈٰیا ایڈوائزر کاظم العطوانی کے مطابق صورت حال اس سے مختلف تھی جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وزیر کو ٹریپ کیا گیا تھا اور ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے وزیر کی گفتگو کا کچھ حصہ کاٹ کر سیاق و سباق کے بغیر اسے ایک اشتہاری فلم کا حصہ بنادیا گیا۔
کاظم العطوانی کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کے خلاف نجی گفتگو سے فائدہ اٹھانے اور اس کے ایک حصے کو نامناسب پروپیگینڈے کے لیے کاٹنے پرعدالت میں مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔














