امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے، جسے امریکا کی آشیر آباد حاصل ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو مغرب کا نا جائزہ بچہ قراردیا تھا، ہم اسرائیل کو کبھی بھی تسلیم نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل کی حمایت قائداعظم کی پالیسی کی نفی ہے، حافظ نعیم الرحمان
اتوار کو اسلام آباد آبپارہ میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی طاقتوں نے نہیں، پاکستان کو خود اس کے حکمرانوں نے کمزور کیا ہے، ایک چھوٹا سا طبقہ امریکا کی آشیرآباد سے چلتا ہے، حکومتیں ہٹنانا ہوں یا بنانا ہوں تو امریکا سےمدد مانگی جاتی ہے۔ کسی کو جیل میں ڈالنا ہو یا جیل سے باہرنکالنا ہوتوامریکا سے مدد مانگتے ہیں، یہ کیسے سیاسی لوگ ہیں؟۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل بارود کی بارش کر کے بھی مجاہدین کو شکست نہیں دے سکا، دُنیا نے دیکھ لیا کہ حماس کے نہتے اور مٹھی بھر مجاہدین نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوا دیے۔
انہوں نے مسلم امہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل آج حماس کے جنگجوؤں کے سامنے بے بس ہو چکا ہے، مسلم امہ حماس کے مجاہدین کا ساتھ دیتی تو آج اسرائیل کا وجود بھی نہ ہوتا، مسلم حکمرانوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ صہیونیوں نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عملاً کام شروع کر دیا ہے، امریکا اسرائیل کی پشت پر ہے اور آج ہمارے حکمران امریکا کی غلامی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں لیکن یاد رکھیں امریکا کی غلامی میں ہمیں کبھی بھی سرخروہی حاصل نہیں ہو گی۔
مزید پڑھیں:شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین اٹھایا جائے، حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اللہ نے ہمیں توفیق دی ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوئے، آج اسرائیل کی اس کھلی دہشتگردی کو اسپورٹ کرنے والا امریکا ہے، چند ممالک کو چھوڑ کرمظلوم فلسطینیوں کے حق میں کوئی بھی بات نہیں کررہا ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے، 46 ہزارفلسطینیوں کوشہید کرچکا ہے، لاکھوں فلسطینی انتہائی سرد موسم میں بے یارومددگار کھلے آسمان تلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے کھل کرگریٹراسرائیل کی بات کرنا شروع کر دی ہے، نتین یاہو کھلی دہشتگردی پر اتر آیا ہے لیکن لاکھوں ٹن بارود برسا کر بھی فلسطینیوں کی ایمان کی قوت نہیں توڑ سکا، غزہ کی صورت حال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہونا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو، آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ
حافظ نعیم الرحمان نے امریکا کے کردار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا وہ ہے جس نے ہیروشیما ناگی ساکی پر ایٹم بم برسایا اورلاکھوں لوگوں کا لمحہ میں قتل عام کیا، یہ وہ امریکا ہے جو پاکستان کو کہتا ہے کہ اس کی میزائل ٹیکنالوجی سے اسے خطرہ لاحق ہے ۔
وہ امریکا کہتا ہے کہ ہماری ٹیکنالوجی سے اسے خطرہ ہے، جس نے اپنا ایٹم بم استعمال کیا ہو، جس کے پاس ہزاروں قسم کے مہلک ترین ہتھیارہوں، وہ امریکا ہماری کمپینوں پر پابندی لگا رہا ہے، ایٹم بم استعمال کرنے والا امریکا ہماری میزائل ٹیکنالوجی پرحملہ آور ہوتا ہے۔ ہماری کمپینوں پر پابندی، کھلی منافقت اور دہرا میعار ہے۔ دنیا کے با ضمیر لوگوں کو امریکا کو بے نقاب کرنا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ وہی امریکا ہے جس نے عراق میں تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا جھوٹ بول کر لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو قتل کیا اور بعد میں وہاں سے سوئی بھی برآمد نہیں ہوئی، یہ امریکا ہی ہے جس نے ویتنام میں لشکر کشی کی لاکھوں افراد کو قتل کیا، یہی امریکا ہے جو پوری دنیا میں تختے الٹتا ہے، افغانستان کی سرزمین پر آ کر یہاں کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔
مزید پڑھیں:امریکا اور اسرائیل سب سے بڑے دہشتگرد ہیں، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا یہ امریکا ہی ہے جو اسرائیل اور بھارت جیسی دہشتگردی پھیلانے والی ریاستوں کی سرپرستی کر رہا ہے، گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے مودی کا دوست بائیڈن ہوتا ہے یا ڈونلڈ ٹرمپ ہوتا ہے۔
دہشتگردوں کو اسپورٹ کرنے والا امریکا مجاہدوں کو دہشتگرد کہتا ہے۔ 7 اکتوبر کے بعد حماس کے مجاہدین اسرائیل کو شکست دے سکتے تھے اگر دُنیا ان کی مدد کرتی، آج اسرائیل وہاں فاسفورس بم استعمال کر کے بھی حماس کو شکست نہیں دے سکا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان دُنیا خصوصاً عالم اسلام میں ایک ممتازمقام رکھتا ہے، یہ ایک نظریاتی ملک ہے، قائداعظم نے واضح کہا تھا اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے، قرارداد پاکستان کے ساتھ فلسطین کی آزادی کی بات ہوتی تھی، علامہ اقبال ہوں یا قائداعظم محمد علی جناح ، جہاں بھی پاکستان کی بات ہوتی وہاں وہ فلسطین کی آزادی کی بھی بات کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں 15 سالہ دورِجبر اور بھارت نواز حکومت کا خاتمہ ہوگیا، حافظ نعیم الرحمان
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین وہ مقدس مقام ہے جس سے ہمارا تعلق عقیدےاورایمان کا ہے یہاں ہمارے پیارے نبی نے تمام انبیا کی امامت کروائی، اس پر بمباری کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اور ہمارے مسلمان حکمران اس پر خاموش تماشائی ہیں۔