ایران میں گزشتہ کچھ ہفتوں سے قید اطالوی خاتون صحافی سیسیلیہ صالہ رہا ہونےکے بعد اٹلی پہنچ گئی ہیں۔
سیسیلیہ صالہ کو 19 دسمبر کو تہران میں حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری اٹلی میں ایرانی نژاد کاروباری شخصیت کو حراست میں لیے جانے کے 3 دن بعد عمل میں لائی گئی تھی۔
ایرانی نژاد سوئس کاروباری شخصیت محمد عبدینی نجف آبادی کو امریکا کے وارنٹ پر اٹلی کے شہر میلان کے ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ نجف آبادی پر دہشت گرد تنظیموں سے روابط اور انہیں ڈرونز کے پرزے فراہم کرنے کا الزام ہے۔
امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ ڈرونز اُردن میں ہونے والے حملوں میں استعمال کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے:ایران میں اطالوی خاتون صحافی کی گرفتاری، کیا مبینہ ایرانی اسلحہ ڈیلر کی گرفتاری کا انتقام ہے؟
سیسیلیہ صالہ کی گرفتاری کو ایران کی جانب سے اٹلی میں اپنے شہری کو حراست میں لیے جانے کے انتقام کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔
29 سالہ سیسیلیہ صالہ کو تہران میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد خطے بالخصوص ایران میں ہونے والی تبدیلیوں پر رپورٹنگ کررہی تھیں۔