بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کے لیے ویزا شرائط اور قوانین تبدیل کرتے ہوئے ان میں جتنا ممکن ہو سکا ہے نرمی کر دی ہے، اب پاکستانی بھائیوں کے لیے ویزا آن لائن بھی دستیاب ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک – بنگلہ دیش تعلقات میں غیر معمولی بہتری، ویزا میں آسانی، دہائیوں بعد چینی درآمد
ہفتہ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے کے دوران بنگلہ دیش کے پاکستان کے لیے سفیر محمد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور کی ثقافت کسی تعارف کا محتاج نہیں، بنگلہ دیش کے عوام کا پاکستان کے عوام کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محمد اقبال خان نے پیش کش کی کہ لاہور چیمبر آف کامرس پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں خوشگوار تبدیلی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام پاکستان کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بنگلہ دیش چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
تقریر کے موقع پر بنگلہ دیشی سفیر نے اعلان کیا کہ بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کے لیے ویزا کی شرائط میں نمایاں نرمی کر دی ہے اور اب پاکستان کے شہری آن لائن بنگلہ دیشی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں تمام بھارتی ویزا سینٹرز بند، وجہ کیا بنی؟
لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے بنگلہ دیشی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں پاکستانی وفود جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔