کرم میں مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، 2018 جیسے پرامن حالات واپس لائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 14 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف دن رات کارروائیاں جاری ہیں، کرم میں مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، 2018 جیسے پرامن حالات واپس لے کر آئیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرم میں حالات معمول پر آرہے ہیں، وہاں خوراک اور ادویات کی فراہمی کی جارہی ہے، امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز امن کے لیے کوشش جاری رکھیں گے، فتنہ الخوارج کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن کے دوران 27 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، پاک فوج امن کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، انہی قربانیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج دم توڑ جائے گا اور ملک میں 2018 جیسے پرامن حالات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غریب ممالک لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنائیں، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسلامی ممالک میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ایک شاندار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، وزیر تعلیم اور دیگر حکام کی کوششوں سے کانفرنس میں اچھی بات چیت ہوئی اور بہت اچھے مقالے پڑھے گئے، کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر سمیت اسلامی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 22.8 ملین آؤٹ آف اسکول بچے ہیں، جس میں زیادہ تعداد بچیوں کی ہے، پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لیے چیلنجز کا سامنا ہے جنہیں حل کررنے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کچھ ماہ پہلے شعبہ تعلیم میں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا، وزیر تعلیم سے گزارش ہے کہ وہ صوبوں کے ساتھ اس مسئلے پر بات چیت کریں، یہ ایک بہت بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس اچھا کام کررہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp