پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہاکہ اس بار جب ہم عمران خان کی کال پر احتجاج کے لیے نکلیں گے تو گولیوں کی تیاری کے ساتھ نکلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا صوابی میں جلسہ جاری: جنید اکبر کی گولیوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے ساتھ احتجاج کی دھمکی
صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو شرم آنی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ اب اگر کوئی احتجاج کرےگا تو 26 نومبر جیسا جواب دیا جائےگا۔ انہوں نے ہمارے نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔
جنید اکبر نے کہاکہ جو لوگ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان تھک گئے ان کو آج پیغام مل گیا، یہ لوگ ہماری خواتین کو نہیں توڑ سکے تو ہمارے کارکنوں کو کیا توڑیں گے۔
صدر پی ٹی آئی کے پی نے کہا کہ عمران خان جب بھی کال دیں گے ہم تیاری کے ساتھ بڑی تعداد میں نکلیں گے۔ 26 نومبر کو ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا ہمیں اداروں سے اس کی امید نہیں تھی۔
جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ان لوگوں کو پارلیمنٹ تو دے سکتے ہیں، لیکن دلوں پر راج نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مضبوط پاکستان کے لیے مضبوط ادارے ہونے چاہییں، لیکن یہ تب ہوتا ہے جب اداروں کے پیچھے عوام ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن ٹکٹس کی تقسیم: عمران خان کو کس نے لاعلم رکھا، جنید اکبر نے بتا دیا
جنید اکبر نے کہا کہ اداروں نے حکومت کی صورت میں جو بندوق اپنے اپنے کندھوں پر رکھی ہے یہ ان کے لیے بھی بہت خطرناک ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہماری بات دنیا تک پہنچی۔
واضح رہے کہ ملک میں انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی یوم سیاہ منا رہی ہے، اور خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں احتجاجی جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مرکزی رہنماؤں سمیت محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے بھی خطاب کیا ہے۔