ڈونلڈ ٹرمپ کی اردن کے بادشاہ سے ملاقات، غزہ پر قبضے کے منصوبے کا ایک بار پھر اظہار

بدھ 12 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے کہا کہ وہ غزہ کو اپنے قبضے میں لینے کے منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کو قبضے میں لیں گے اور ہم اسے ترقی دیں گے جس سے وہاں مشرق وسطیٰ کے لوگوں کے لیے بے شمار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے: عرب وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس، فلسطینیوں کی بے دخلی کا ’ٹرمپ منصوبہ‘ مسترد

انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگر اردن غزہ کے فلسطینیوں کو اپنے ملک میں بسانے سے انکار کرتا ہے تو امریکا اس کی امداد روک سکتا ہے لیکن دوسری طرف اردن کے شاہ عبداللہ کہہ چکے ہیں کہ وہ غزہ کی زمین پر قبضے اور فلسطینیوں کی بےدخلی کے خلاف ہے۔

اس موقع پر صحافیوں نے دوبارہ شاہ عبداللہ سے امریکی صدر کے منصوبے کے متعلق سوال کیا مگر انہوں نے کہا کہ عرب ممالک اس منصوبے کو ریاض میں ہونے اجلاس میں زیر غور لائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے بیان کو عالمی طور پر شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کئی ممالک نے اس منصوبے کو فلسطین میں تنازع کو ہوا دینے کے مترادف قرار دے کر مسترد کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp