ماضی میں ن لیگ سمیت کسی میں یہ جرأت نہیں تھی کہ ملک ریاض کیخلاف ریفرنس دائر کرسکے، رانا ثنا اللہ

بدھ 19 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ملک ریاض کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کرنے کی ہمت کی ہے تو اسے سراہنا چاہیے، کیونکہ ماضی میں میری حکومت سمیت کسی کو ملک ریاض کے خلاف کارروائی کی جرات نہیں ہوئی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک ریاض کے خلاف ریفرنسز دائر ہوئے ہیں، ورنہ اس سے قبل ریفرنس تو کیا ان کے خلاف کبھی درخواست بھی دائر نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں ‎نیب نے بحریہ ٹاؤن کراچی میں غیر قانونی الاٹمنٹس کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا

رانا ثنااللہ نے کہاکہ عارف علوی صدر بننے سے پہلے جیسے تھے صدر بننے کے بعد بھی ویسے ہی ہیں، انہیں ریاست کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو عارف علوی کی مراعات واپس لینی چاہییں، اور حکومت ایسا کرسکتی ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ جمہوریت ڈائیلاگ سے چلتی ہے ڈیڈلاک سے نہیں، پی ٹی آئی نے سسٹم کو قبول کرلیا ہے تو مصنوعی بحران پیدا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ میں یہ نہیں کہتا کہ وہ دھاندلی کے حوالے سے بات نہ کریں، اگر ان کو شکایات ہیں تو سسٹم کے ذریعے اپنا کیس دائر کریں۔

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ ہم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ 2018 میں نواز شریف کا راستہ روکنے کے لیے آر ٹی ایس بٹھا کر عمران خان کو مسلط کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر سیاستدان اپنے مسائل حل کرنے کے لیے کسی نتیجے پر نہیں پہنچیں گے تو سسٹم ایسے ہی چلتا رہے گا، اگر سیاستدان ساتھ بیٹھیں گے تو مسائل کا حل نکل آئےگا۔

یہ بھی پڑھیں ملک ریاض کی حوالگی کے لیے نیب اقدامات کررہا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان انتخابات میں دھاندلی کا کہہ رہے ہیں تو سوال یہ ہے کہ کیا ان کے ساتھ دھاندلی پنجاب میں ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp