بھارت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
آج کا میچ دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا، جبکہ جواب میں بھارت نے ہدف 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں روہت شرما 12 بار مسلسل ٹاس ہارنے والے دوسرے کپتان بن گئے
بھارت کی اننگز
بھارتی ٹیم نے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی، کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں رہے، اس کے علاوہ شریاس آئیر نے 62 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔
بھارتی بیٹر شمبن گل نے 31، آکشر پٹیل 29، ہارڈک پانڈیا 18، کے ایل راہول 34 اور رویندرا جڈیجا نے 9 رنز اسکور کیے۔
آج کے میچ میں بھارت کے جارح مزاج بیٹر ویرات کوہلی ناکام رہے، انہوں نے صرف 2 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بولرز کے سامنے بس دکھائی دی، 57 کے مجموعی اسکور پر کیویز کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب وِل ینگ ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد 69 رنز پر اوپنر رچن رویندرا بھی پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 75 اسکور پر گری جب کین ولیمسن کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
کیوی ٹیم کی چوتھی وکٹ رویندرا جڈیجا کے حصے میں آئی جنہوں نے ٹام لیتھم کو پویلین بھیجا، اس کے بعد 165 رنز پر نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ گر گئی، جب ورون چکرورتی کی گیند پر گلین فلپس 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد 211 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈیرل مچل 63 رنز اسکور کرکے محمد شامی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی بھارت کے خلاف ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری جب کپتان مچل سینٹنر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ 15، رچن رویندرا 37، کین ولیمسن 11، ٹام لیتھم 14، گلین فلپس 34 اور ڈیرل مچل نے 63 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ورورن چکرورتی اور کلدیپ یادیو نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ رویندرا جڈیجا اور محمد شامی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہاکہ بولر میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، انہوں نے کہاکہ بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، پچ ویسی ہی ہے جیسے بھارت کے خلاف پچھلےمیچ کی تھی۔
بھارت نے فائنل تک پہنچنے کے سفر میں بغیر کسی شکست کے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ بھارت کے خلاف گروپ اسٹیج میں شکست کے باوجود، نیوزی لینڈ نے تمام شعبوں میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھرپور فتح حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیے: روہت شرما 12 بار مسلسل ٹاس ہارنے والے دوسرے کپتان بن گئے
بھارت اسکواڈ:
آج کے میچ کے لیے بھارتی اسکواڈ میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہول، رشبھ پنت، ہارڈک پانڈیا، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، رویندرجڈیجہ اور ورون چکرورتی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ اسکواڈ:
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ مشیل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریس ویل، مارک چیمپمن، ڈیون کون وے، لوکی فرگوسن، ٹام لیتھم، ڈیریل مچل، ول او’رورک، گلین فلپس، راچن راوندرا، ناتھن اسمتھ، کین ولیمسن، ول یانگ اور جیکب ڈفی پر مشتمل تھا۔