ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر میں سب سے مشکل اور دنیا کے سب سے بہترین بؤلر کے طور پر اپنے ساتھی کھلاڑی جسپریت بمراہ کا نام لیا ہے۔ 31 سالہ بھارتی گیند باز مخالف بلے بازوں کے لیے درد سر بن چکے ہیں، اور ویرات کوہلی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جسپریت بمراہ تمام فارمیٹس میں دنیا کے سب سے بہترین بؤلر ہیں، انہوں نے مجھے آئی پی ایل میں چند بار آؤٹ کیا ہے۔
ویرات کوہلی نے سب سے پہلے 2013 کے انڈین پریمیئر لیگ کے دوران جسپریت بمراہ کا سامنا کیا تھا۔ دراصل، ویرات کوہلی 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ میں جسپریت بمراہ کا پہلا آئی پی ایل وکٹ بنے تھے۔
مزید پڑھیں: ورات کوہلی نے یوراج سنگھ کو ریٹائرمنٹ پر مجبور کیا تھا، رابن اتھاپا کا انکشاف
اگرچہ ویرات کوہلی نیٹ میں زیادہ تر جسپریت بمراہ کا سامنا نہیں کرتے، ان دونوں کا اصلی مقابلہ آئی پی ایل میں ہوتا ہے جب آر سی بی، ممبئی انڈینز کا مقابلہ کرتی ہے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ ہم نیٹ میں یہ نہیں کر پاتے، نیٹ میں بھی ایسا لگتا ہے جیسے ہم میچ کھیل رہے ہوں۔ شدت اتنی ہی ہوتی ہے جتنی کہ ہم آئی پی ایل میں میچ کھیل رہے ہوں۔ ہم ہمیشہ سوچتے ہیں کہ ہر گیند ایک ذہنی آزمائش کی طرح ہوتی ہے۔
آئی پی ایل میں، ویرات کوہلی نے جسپریت بمراہ کا 16 بار سامنا کیا۔ اگرچہ آر سی بی کے بلے باز نے دنیا کے بہترین بؤلر کے خلاف 140 رنز بنائے اور اسٹرائیک ریٹ 147.36 رہا، جسپریت بمراہ نے ویرات کوہلی کو 5 بار آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی آئی پی ایل ٹیم کی قیادت سے بھی محروم، رائل چیلنجرز بنگلور کے نئے کپتان کون؟
جسپریت بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں حصہ نہیں لے سکے تھے، ممبئی انڈینز ابتدائی چند میچوں میں ان کی کمی محسوس کرسکتے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، جسپریت بمراہ اپریل کے شروع میں 5 بار کے چیمپئنز ممبئی انڈینز میں شامل ہونے کی توقع رکھتے ہیں، بشرطیکہ بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلنس بنگلور میں میڈیکل ٹیم سے کلیئرنس مل جائے۔
بھارتی تیز گیندباز نے سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میچ کے دوران کمر میں تناؤ کی چوٹ کا سامنا کیا۔ انہیں ابتدائی طور پر 5 ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا تھا اس کے بعد انہیں چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے باہر کر دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے، جسپریت بمراہ نے مارچ 2023 میں کمر کی سرجری کرائی تھی۔