وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ امریکی ڈاکٹروں کے وفد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، وہ صرف حال چال پوچھنے آئے تھے۔
رانا ثنااللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی ڈاکٹر شاید صرف عمران خان کا حال چال پوچھنے ہی آئے تھے، سوشل میڈیا پر ہر کسی کو اپنی بات کہنے کا حق ہے ،سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے گالم بریگیڈ سے ہر کسی کو مسئلہ ہے، امریکی ڈاکٹرز کے وفد نے عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا عمران خان کو لے ڈوبا، گالم گلوچ بریگیڈ سے خود پی ٹی آئی بھی محفوظ نہیں، رانا ثنااللہ
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پارٹی کو مزید منظم اور مستحکم کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں اس عوامی رابطہ مہم کی قیادت کروں گا اور اس کے بعد ساری صورتحال نواز شریف اور مریم نواز کے سامنے رکھوں گا۔
عبد المالک بلوچ نے بڑی تفصیل سے نواز شریف کو آگاہ کیا ۔ نواز شریف نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔ رانا ثناء اللہ pic.twitter.com/AlrYCthNOS
— WE News (@WENewsPk) April 9, 2025
ان کا کہنا ہے کہ ابھی صرف پنجاب کی حد تک عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں، نواز شریف دوسرے صوبوں کا دورہ کرینگے تو ان صوبوں میں بھی جلسے کریں گے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو کل کے پروگرام میں اپنے صوبے کی نمائندگی کرنا چاہیے تھی، اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے صوبے کی نمائندگی نہیں کرتے تو وہ اپنے عہدے سے کوتاہی کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان جیل سے کب باہر آئیں گے؟ رانا ثنااللہ کا بڑا اعلان
انہوں نے کہا کہ غلط سیاسی کیسز بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ، سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر گفت و شنید سے معاملات حل کرنا چاہئیں۔’ یہ بات ہم 2018، 2019 اور 2020 میں بھی کرتے رہے اور آج بھی کررہے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کو مل کر بات کرنی چاہیے، سب کو علم ہے کہ کون مل کر بات کرنے کو تیارنہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب سندھ کا ایک قطرہ پانی نہ چرا رہا ہے اور نہ پنجاب کا کسی کا پانی چرانے کا ارادہ ہے، پانی کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، کیونکہ سندھ کی نام نہاد قوم پرست جماعتوں نے ایسا ماحول بنا دیا ہے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ ہم نے بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کو یقین دلایا ہے کہ پانی کی تقسیم کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوگا اور پنجاب کا سندھ کا پانی چرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مزاحمتی سیاست عمران خان کی مقبولیت کی وجہ، کوئی انقلاب نہیں آئےگا، رانا ثنااللہ
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کو پہلے بھی تیار تھے، اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہوں تو معاملہ حل ہوسکے گا۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی میاں نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عبد المالک بلوچ نے بڑی تفصیل سے نواز شریف کو بلوچستان کے حالات سے آگاہ کیا، نواز شریف نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ صوبے کے مسائل کے حوالے سے اپنا کردار ضرور ادا کریں گے۔