پی ایس ایل 10 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے اپنے آخری لیگ مرحلے کے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر یاسر خان اور مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر کی ٹھوس شراکت کی بدولت 185 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف اننگز کی آخری بال پر 8 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دیکر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو دوسرے اوور میں ابتدائی دھچکا لگا جب کپتان محمد رضوان4 رنز بناکر فہیم اشرف کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، اس کے بعد یاسر خان نے جہانزیب سلطان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 52 رنز کی مستحکم شراکت قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے گلیڈی ایٹرز کی باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
یہ شراکت تب ٹوٹی جب جہانزیب 21 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر نے جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا، یاسر 25 گیندوں پر 45 رنز بناکر عثمان طارق کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
طیب طاہر اور ہمایوں الطاف نے پھر ذمہ داری سنبھالی، چوتھی وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب خرم شہزاد نے الطاف کو آؤٹ کیا جنہوں نے 13 گیندوں پر 16 رنز بنائے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے طیب طاہر24 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے آخری مراحل میں وکٹیں گنوانے کا سلسلہ جاری رکھا، ابرار احمد نے پیٹر ہٹزوگلو کو صرف ایک رن پر آؤٹ کیا۔ تاہم عامر عظمت نے ڈیتھ اوورز میں ایک اہم کیمیو کھیلا اور 18ویں اوور میں خرم شہزاد کی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو 150 سے آگے بڑھا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل پر پابندی کے جواب میں پاکستان نے آئی پی ایل کی لائیو اسٹریمنگ پر پابندی لگادی
آخری اوور میں محمد وسیم جونیئر نے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی، جنہوں نے شاہد عزیز کو کیا، شاہد عزیز نے 14 گیندوں پر 29 رنز بنائے، اس کے بعد عامر عظمت 16 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد حسنین نے آخری اوور میں باؤنڈری لگا کر اننگز کا خاتمہ کیا۔
کوئٹہ کی جانب سے عثمان طارق بہترین باؤلرز تھے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، خرم شہزاد، فہیم اشرف، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جوابی اننگز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل 18 رنز بنا کر محمد حسنین کی گینڈ پر آؤٹ ہوئے، خواجہ نافع نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں شاہد عزیز نے آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے سب سے زیادہ 67 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد عزیز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ ملتان سلطانز بھی پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھی۔