وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ قیامت تک یاد رکھے گا، دوبارہ اگر جنگ مسلط کی تو ہمیں ہمیشہ کی طرح تیار پائےگا اور منہ توڑ جواب دیں گے۔
کراچی میں پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلح افواج پاکستان نے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
یہ بھی پڑھیں آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے بھارت کا بڑا منصوبہ بے نقاب
انہوں نے کہاکہ کشیدہ صورت حال میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی، پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہاکہ بری فوج نے اپنے میزائلوں کے ذریعے دشمن کے ٹھکانوں پر نشانے لگائے، جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن کو سبق سکھایا۔
انہوں نے کہاکہ پاک بحریہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار تھی لیکن بھارت کو آگے بڑھنے کی جرات نہیں ہو سکی، اگر آگے بڑھتے تو مزید رسوائی اٹھانی پڑتی۔ رافیل جہازوں کا حشر دیکھ کر بھارت کا وکرانت میدان جنگ سے بھاگ گیا اور پلٹنے کا نام تک نہ لیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاک بحریہ 1965 کی طرح ’دوارکا‘ کی تاریخ دہرانے کے لیے تیار تھی۔ جارحیت کے دنوں نے جوانوں نے بندرگاہوں اور تجارتی راستوں کا بھرپور تحفظ کیا۔
انہوں نے کہاکہ بہادر افواج کے درمیان مربوط تعاون سنہری باب ہے، جس پر میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہاکہ ہماری افواج کی بھرپور تیاری کے باعث دشمن ہمارا بال بیکا نہ کر سکا، ہم اپنے تمام شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور تمام تصفیہ طلب مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں، لیکن اگر دشمن نے جنگ مسلط کی تو ہمیشہ کی طرح ہمیں تیار پائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی: پاکستان نے ہندوستان کا جھوٹ بے نقاب کردیا، ڈوزیئر جاری
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔