چاہتے تو بھارت کے 20 جہاز گرا سکتے تھے، لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 جہاز گرائے، بلاول بھٹو

منگل 3 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین و پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی مالی اور عسکری امداد کی جارہی ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث ہے۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔

نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی صورت حال کا واحد حل مذاکرات ہیں، ہم بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، بھارت اس کے لیے ماحول پیدا کرے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار، دنیا مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے لیے امریکی صدر اور وزیر خارجہ نے کردار ادا کیا، جسے ہم سراہتے ہیں، آئندہ اگر کوئی واقعہ ہوتا ہے حالات کو درست کرنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، اس لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی آبی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان ہر صورت اپنے حقوق کا دفاع کرے گا، کیوں کہ ہمیں آبی دہشتگردی قبول نہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ مذاکرات کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے، کیوں کہ یہ تنازع کی اصل جڑ ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل جس طرح فلسطین میں غیرقانونی آبادکاری کررہا ہے، بھارت ایسا ہی مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے۔ مودی کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ یہ نیتن یاہو کی کاپی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مودی کے پاس دو ہی راستے ہیں، امن یا تباہی، گجرات کا قصائی اب مقبوضہ کشمیر میں عوام کا خون بہا رہا ہے، ہمارے پاس بھارت کے خلاف شکایتوں کی لمبی لسٹ ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی، جس کا ہم نے دفاع کیا، ہم چاہتے تو بھارت کے 20 جہاز مار گرا سکتے تھے، لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 جہاز گرائے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کشمیر کے مسئلے کو نظر انداز کرے گی تو یہ کشیدگی کا باعث بنے گا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر پوری دنیا میں مذمت ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ بدقسمتی سے ہم اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ دوبارہ کسی بھی وقت جنگ شروع ہو سکتی ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر پہلگام واقعے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، حالانکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔ پاکستان  کے پاس بھارت کی جانب سے دہشتگردی کرانے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

فرانس کے سفیر کی پاکستانی وفد سے ملاقات

قبل ازیں اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر نے پاکستان کے اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔

وفد نے فرانسیسی سفیر کو جنوبی ایشیا میں بھارت کی حالیہ فوجی جارحیت اور یکطرفہ اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو نے انہیں آگاہ کیاکہ بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کا الزام بغیر کسی معتبر تحقیقات یا ثبوت کے پاکستان پر عائد کرنا نہایت سنگین نتائج کا باعث بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی، امریکا کی بھارت کو اشتعال انگیزی سے گریز کی ہدایت

انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر یکطرفہ فوجی حملوں، ہلاکتوں اور زخمیوں، شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp