’چٹ منگنی، پٹ بیاہ، کھٹ طلاق‘، تیونسی خاتون کراچی پہنچ کر ’رُل‘ گئی

ہفتہ 28 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر پاکستانی شہری سے محبت کرنے والی تیونس کی خاتون پاکستان آ کر بے سہارا ہو گئی۔ کراچی کے علاقے لیاری کے رہائشی نوجوان سے دوستی کے بعد خاتون نومبر میں پاکستان پہنچی، شادی کی اور اب طلاق کے بعد وطن واپسی کے لیے حکومتی مدد کی منتظر ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیونس کی شہری سندا نے بتایا کہ اس کی کراچی کے لیاری کے رہائشی عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، جس کے بعد وہ 28 نومبر کو پاکستان پہنچیں۔ اگلے ہی روز یعنی 29 نومبر کو ان کی شادی ہوئی اور نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری بغدادی یونین کونسل میں رجسٹرڈ کرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ماہرہ خان کی پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون اونیجا سے ملاقات، ویڈیو وائرل

تاہم 7 ماہ بعد عامر نے سندا کو طلاق دے دی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کا وزٹ ویزا 18 فروری 2025 کو ختم ہو چکا ہے اور اب ان کے پاس اخراجات کے لیے رقم بھی نہیں ہے۔

سندا نے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہیں، حکومت فوری طور پر ایگزٹ پرمٹ جاری کرے۔

پولیس کے مطابق سندا کی شکایت پر سابق شوہر کو تھانے بلایا گیا، جہاں اس نے طلاق کی تصدیق کی اور پھر چپ چاپ واپس چلا گیا، اس کے بعد اس کا فون بھی بند ہوگیا۔

ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن کے مطابق تیونس کی خاتون کو شوہر نے گزشتہ ہفتے طلاق دی تھی۔ غیر ملکی خاتون نے ویمن پولیس اسٹیشن لیاقت آباد میں رپورٹ درج کرائی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا 90 دن کا پاکستانی ویزا فروری میں ختم ہوچکا ہے۔ پولیس نے خاتون کو پناہ دی ہے اور اس کے رہن سہن کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی خاتون کو محبت میں دھوکا دینے والا لڑکا منظر عام پر آگیا، حیران کن انکشافات

وزارت داخلہ نے تیونس کی خاتون کو ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے آن لائن درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔

 سندا کے مطابق شادی کے بعد ابتدائی چند ماہ خوشگوار گزرے، تاہم بعد میں معمولی باتوں پر جھگڑے شروع ہوئے، جو طلاق پر منتج ہوئے۔

ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے اور اب وہ ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وطن واپس نہیں جا سکتیں۔

یہ بھی پڑھیں:پڑوسن کے بلے کو کھانا کھلانے پر تھانہ کچہری، غیرمعمولی کیس کا عجیب انجام

ویزے کی تجدید کے لیے تقریباً 400 امریکی ڈالر جبکہ ہوائی ٹکٹ کا خرچ سوا دو لاکھ روپے سے زائد ہے۔

خاتون نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اسے وطن واپسی کے لیے فوری سہولت فراہم کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp