کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا کلب ورلڈ کپ کے بجائے آرام کو ترجیح کیوں دی؟

اتوار 29 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کے بجائے آرام کو ترجیح دی ہے تاکہ وہ اپنے کلب اور قومی ٹیم کے لیے اپنے کھیل کے کیریئر کو طویل عرصے تک جاری رکھ سکیں۔

حال ہی میں اپنی قومی ٹیم کو یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے والے پرتگالی اسٹار نے یہ بات سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کے ساتھ اپنے معاہدے کی توسیع کی چند روز بعد کہی۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کا بڑا فیصلہ، دنیا بھر میں مداح خوشی سے جھوم اٹھے

النصر نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ رونالڈو نے مزید 2 سال کے لیے نیا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت وہ اپنی 42ویں سالگرہ کے بعد بھی کلب سے وابستہ رہیں گے اور ممکنہ طور پر 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں اپنا آخری مرتبہ جلوہ گر ہوں گے۔

رونالڈو کے منصوبوں کے بارے میں قیاس آرائیاں گزشتہ ماہ اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ رونالڈو کی کلب ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق بات چیت جاری ہے، حالانکہ النصر اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا۔

تاہم، رونالڈو نے ان تمام افواہوں کو فوری طور پر مسترد کر دیا، انہوں نے النصر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ انہیں کلب ورلڈ کپ کھیلنے کی کچھ پیشکشیں موصول ہوئیں۔

مزید پڑھیں:کرسٹیانو رونالڈو کی فلم انڈسٹری میں انٹری، ایکشن فلمیں تیار

’۔۔۔لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس کا کوئی خاص مطلب نہیں بنتا کیونکہ میں اچھا آرام اور اچھی تیاری کو ترجیح دیتا ہوں، اس سیزن میں ورلڈ کپ سال کے اختتام پر ہے، اس لیے یہ سیزن بہت طویل ہوگا۔‘

رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ صرف النصر کے لیے نہیں بلکہ قومی ٹیم کے لیے بھی مکمل طور پر تیار رہنا چاہتے ہیں۔ ’اسی لیے میں نے نیشنز لیگ کا آخری میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور دیگر باتوں پر توجہ نہیں دی اور ظاہر ہے، میں اس کلب میں ہوں جسے میں دل سے چاہتا ہوں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp