سعودی عرب نے شام میں حالیہ پیشرفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں شام میں حالیہ پیشرفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شامی حکومت کی جانب سے امن، استحکام اور ریاستی خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا شام پر جدید میزائلوں سے حملہ، شہر دھماکوں سے لرز اٹھا
بیان میں سعودی عرب نے شام کی وحدت، سلامتی اور ادارہ جاتی خودمختاری کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزارت نے جاری بیان میں شام میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوے انہیں شام کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
سعودی عرب نے سنہ 1974 کے شام اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی یاد دہانی کراتے ہوئے ان حملوں کو اس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شامی ایئرپورٹ پر اسرائیلی میزائل حملہ، دو فوجی اہلکار ہلاک
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شام کے ساتھ کھڑی ہو اور ان حملوں اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دے۔
بیان میں سعودی عرب نے شام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ہر سطح پر اس کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔