شام کی تیل برآمدات 14 سال بعد بحال، طرطوس بندرگاہ سے 6 لاکھ بیرل روانہ

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شام نے 14 سال بعد پہلی بار خام تیل برآمد کیا ہے، گزشتہ روز طرطوس کی بندرگاہ سے 6 لاکھ بیرل بھاری خام تیل ایک تجارتی کمپنی کو فروخت کے معاہدے کے تحت بھیجا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شامی تیل کی پہلی سرکاری برآمد ہے جو 14 سال کے وقفے کے بعد عمل میں آئی ہے، 2010 میں شام روزانہ 3 لاکھ 80 ہزار بیرل تیل برآمد کرتا تھا، لیکن ایک سال بعد صدر بشار الاسد کے خلاف عوامی احتجاج نے خانہ جنگی کی شکل اختیار کر لی، جس نے معیشت اور تیل کی پیداوار سمیت بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔

بشار الاسد کو گزشتہ سال دسمبر میں اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، اور نئی حکومت نے معیشت کی بحالی کا وعدہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا شام میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

شامی توانائی وزارت کے تیل و گیس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض الجباسی نے بتایا کہ یہ خام تیل بی سرو انرجی کو فروخت کیا گیا ہے۔ یہ کمپنی عالمی تیل تجارتی ادارے بی بی انرجی سے منسلک ہے، وزارت کے بیان کے مطابق یہ تیل ’نیسوس کرسٹیانا‘ نامی ٹینکر کے ذریعے برآمد کیا گیا۔

شامی عہدیدار نے بتایا کہ تیل مختلف شامی آئل فیلڈز سے نکالا گیا ہے، تاہم انہوں نے ان فیلڈز کے نام ظاہر نہیں کیے، زیادہ تر شامی تیل کے ذخائر شمال مشرقی علاقے میں ہیں جو کرد قیادت کے زیرِ انتظام ہیں۔

ان کرد حکام نے فروری میں دمشق کی مرکزی حکومت کو تیل فراہم کرنا شروع کیا تھا، لیکن بعد میں باہمی اختلافات اور اقلیتوں کے حقوق کے مسئلے پر تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

مزید پڑھیں: یورپی یونین نے شام پر سے متعدد اقتصادی پابندیاں ہٹالیں

شام کی خانہ جنگی کے دوران آئل فیلڈز کئی بار ہاتھ بدل چکے ہیں جبکہ امریکی و یورپی پابندیوں نے برآمدات و درآمدات کو پیچیدہ بنا دیا تھا، بشار الاسد کی معزولی کے بعد بھی کئی ماہ تک پابندیاں برقرار رہیں جس سے نئی حکومت کو توانائی کی درآمد میں دشواری کا سامنا رہا۔

تاہم جون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر سے امریکی پابندیاں ختم کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا، جس کے بعد امریکی کمپنیوں نے شامی تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے لیے ماسٹر پلان تیار کرنا شروع کر دیا۔

اس کے علاوہ شام نے دبئی کی کمپنی ڈی پی ورلڈ کے ساتھ 800 ملین ڈالر کا معاہدہ بھی کیا ہے، جس کے تحت طرطوس کی بندرگاہ پر ایک کثیرالمقاصد ٹرمینل کی تعمیر اور انتظام شامل ہے، یہ معاہدہ اس وقت کیا گیا جب شام نے ایک روسی کمپنی کے ساتھ بندرگاہ کے انتظام کا سابقہ معاہدہ منسوخ کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالاس اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے یکم جون کو اسلام آباد پہنچیں گی

یو ایف او فائلز جاری ہونے کے بعد نئی بحث: حقیقت، راز یا محض غلط فہمیاں؟

اگر مختلف چیٹ بوٹس کو انسانوں پر حکومت سونپی جائے تو کیا ہوگا؟ دلچسپ نتائج، گروک نے تباہی مچا دی

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل: اوپن اے آئی کا آئی فون کو ٹکر دینے کے لیے اسمارٹ فون لانے کا فیصلہ

کراچی: ڈکیتی ناکام ہونے پر مبینہ ڈاکو نے خود کا خاتمہ کرلیا، معاملہ شرمندگی کا یا کچھ اور؟

ویڈیو

عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے بولر بن گئے

امریکا کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے حقیقی دوستی والے تعلقات ہیں، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ

فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اسحاق ڈار کا دوٹوک اعلان

کالم / تجزیہ

اچکزئی صاحب کا مسئلہ کیا ہے؟

بڑے شہر نگل جاتے ہیں

عید الاضحی ، بھارتی مسلمان اور ہندو شاؤنزم