اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلانے کی تیاری، وزیراعظم نے حکام کو کیا ہدایات کیں؟

جمعہ 12 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی و اسلام آباد کے سنگم پر ٹی چوک فلائی اوور کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس کو ڈیڑھ ارب روپے کی مالیت سے 5 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سیلابی صورتحال: وزیراعظم نے وفاقی اداروں کو ہر ممکن تعاون کی ہدایت جاری کر دی

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک کلومیٹر طویل یہ فلائی اوور ایکسپریس ہائی وے اور دیگر علاقوں کو ملانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ساتھ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ہوگا۔

’راولپنڈی اور اسلام آباد کو ریل کے ذریعے بھی منسلک کیا جائے گا‘

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد سے راولپنڈی کے مسافروں کے لیے ریل کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل میٹرو اور بس سروس، نئی بسیں اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریل کی پٹری موجود ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی عوام کے لیے ایک بہترین سہولت فراہم ہوگی۔

مزید پڑھیے: برطانوی ہائی کمشنر کی ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، سیلاب متاثرین کے لیے تعاون کا اعلان

اس موقعے پر شہباز شریف نے وزارت ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ریل کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے تاکہ جڑواں شہروں کے شہریوں کے لیے آمد و رفت کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔

’شنگھائی تعاون تنظیم کا اگلا اجلاس پاکستان میں ہوگا‘

وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ اگلی ایس سی او سمٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا اور اسی سلسلے میں انہوں نے تیاریوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ابھی سے تیاری شروع کرنی ہوگی اور رہائش کا انتظام کرنا ہوگا اور اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانا ہے۔

منصوبہ 150 دنوں میں مکمل ہوگا، وزیرداخلہ محسن نقوی

قبل ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ 150 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی حملے کے بعد قطر اتوار کو اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار، وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت بھی یقینی

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلائی اوور منصوبہ تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

فلائی اوور کی لمبائی ایک کلومیٹر سے زائد اور چوڑائی 11.30 میٹر ہوگی اور اس کے ساتھ اسٹریٹ لائٹس اور ہارٹیکلچر کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp