پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے غزہ میں معصوم شہریوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ظلم کے فوری خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل، غزہ سے جزوی انخلا اور حملوں میں کمی پر رضامند، جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگئی، صدر ٹرمپ
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ غزہ میں حالیہ امن منصوبے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی امیدیں پیدا ہوئی تھیں، لیکن اسرائیلی فوج کے اندھا دھند حملوں نے ایک بار پھر ان امیدوں کو چکنا چور کردیا اور انسانی بحران کو مزید گہرا کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نے غزہ امن منصوبے کے ذریعے جنگ بندی کی کوششوں کو سراہا تاہم بعض نکات پر اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق عینی شاہدین، آزاد صحافیوں، مقامی افراد اور سوشل میڈیا پر آنے والی ویڈیوز سے واضح ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی افواج نے بمباری جاری رکھی۔
یہ بھی پڑھیں: ’غزہ میں نسل کشی بند کرو‘، یورپ کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد کا احتجاج، لندن میں گرفتاریاں
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 70 سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ امن عمل کی روح کے بھی منافی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور تمام مسلم ممالک سمیت امن پسند ریاستوں پر زور دیا کہ وہ فوری، اجتماعی اور فیصلہ کن سفارتی اقدامات کریں تاکہ معصوم جانوں کو بچایا جا سکے اور ان جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی: غزہ کے حق میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ، پولیس سے جھڑپیں
پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عالمی برادری اس نسل کشی پر خاموش نہ رہے۔ انصاف، امن اور فلسطینی عوام کی عزت نفس ایسے اصول ہیں جو کسی صورت نظر انداز نہیں کیے جا سکتے اور دنیا کو ان کے دفاع کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔














