پاکستان میں دہشت گردی کی واپسی کا ذمہ دار عمران خان ہے، مریم اورنگزیب

ہفتہ 11 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی واپسی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے دہشت گردوں کو واپس لایا اور نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی کی، وزیراعظم نواز شریف کے دور میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوا تھا۔ نواز شریف نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، نیشنل ایکشن پلان بنایا اور ایک متفقہ قومی بیانیہ تشکیل دیا۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان کو امن و امان سے نہیں دہشتگردوں کو پناہ دینے سے غرض ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کی بلکہ 2018 کے بعد خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو دوبارہ پناہ دی، رہائش دی، مالی مدد فراہم کی اور انہیں آباد کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج دہشت گردی سے شہید ہونے والے ہر پاکستانی کے لہو کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ ان کے بقول، دہشت گردی کی واپسی کا مجرم عمران خان ہے، اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے ہونا چاہئے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج، پولیس، رینجرز اور عوام کے ہر طبقے نے عظیم قربانیاں دی ہیں، لیکن عمران خان نے دہشت گردوں کا ساتھ دے کر ان قربانیوں کی توہین کی۔

یہ بھی پڑھیے: دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ نہیں رکھتے، شہدا کیساتھ کھڑے ہیں، سلمان اکرم راجہ

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے عزم اور ہمت سے دہشت گردوں کے خلاف جامع اور مؤثر آپریشن شروع کیا تھا، جس سے پاکستان کو دہشت گردی سے محفوظ بنایا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp