اٹلی کے وینزینزا شہر میں ایک 70 سالہ شخص پر الزام ہے کہ اس نے 53 سالوں تک مکمل نابینا ہونے کا ڈرامہ کیا اور اس دوران اس نے حکومت سے 10 لاکھ یورو سے زائد نابینا پن کی مالی امداد وصول کی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکو نے سپر مارکیٹ لوٹ کر پولیس آنے کا انتظار کیوں کیا؟
اس شخص کو 53 برس پہلے ایک کام سے متعلق حادثے کے بعد مکمل نابینا قرار دیا گیا تھا جس کے بعد اسے حکومت کی طرف سے نابینا پن کے بہانے مالی امداد ملتی رہی۔
تاہم وینزینزا کی فنانس پولیس نے جب اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھی تو انہیں شک ہوا اور انہوں نے خفیہ طور پر اس کی ویڈیو ریکارڈنگ شروع کر دی۔
پولیس کو شک کیسے ہوا؟
پولیس نے اسے باغبانی کے خطرناک اوزار استعمال کرتے اور بازار میں خود سے مصنوعات کا بغور معائنہ کر کے خریداری کرتے دیکھا جو ایک نابینا کے لیے ممکن نہیں لگتا تھا۔
مزید پڑھیے: امریکا: ’ہوئے مر کے ہم جو رسوا‘، ایک مبینہ چور کی موت کے 128 برس بعد تدفین
اس کے بعد 2 ماہ کی نگرانی کے دوران اسے شہر میں آزادانہ گھومتے اور بغیر کسی مدد کے خریداری کرتے اور نقد ادائیگی کرتے دیکھا گیا جس سے واضح ہو گیا کہ وہ نابینا نہیں ہے۔
اس واقعے کے بعد وینزینزا کی پروسیکیوشن نے اس شخص کو اٹلی کی ریاست کے خلاف فراڈ کے الزام میں مقدمہ چلانے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: فرانسیسی سوشل میڈیا اسٹار کو لوگوں کو سرنجیں گھونپتے پھرنے پر جیل کی ہوا کھانی پڑگئی
علاوہ ازیں مالی پولیس نے تمام فلاحی اور سوشل سیکیورٹی فوائد فوری طور پر معطل کر دیے اور اس کے خلاف ٹیکس آڈٹ بھی کیا گیا جس کے تحت پچھلے 5 سالوں میں غیر قانونی طور پر وصول کیے گئے تقریباً 2 لاکھ یورو کے محصولات کا تعین کیا گیا۔













