سعودی شہر تنومہ میں ماحولیاتی آگاہی مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز

ہفتہ 18 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماحولیاتی ذمہ داری اور مثبت رویوں کو فروغ دینے کے لیے ‘ پائیدار اقدامات’ کے نام سے آگاہی مہم کا پہلا مرحلہ جمعہ سے شروع ہوگیا۔ یہ مہم ماحولیاتی فنڈ کے تعاون سے ‘رحالہ ایسوسی ایشن’ کے اشتراک سے سعودی شہر تنومہ میں چلائی جا رہی ہے۔

مہم کا مقصد سیاحوں اور مقامی زائرین کو عوامی پارکوں میں ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کی ترغیب دینا اور عملی و نظری سرگرمیوں کے ذریعے انہیں فطری مناظر کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری میں حصہ لینے کے قابل بنانا ہے۔ یہ سرگرمیاں جمعہ اور ہفتہ کے دنوں میں منعقد ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب میں ماحولیاتی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید گاڑیاں متعارف

رحالہ ایسوسی ایشن، تنومہ گورنری کے تعاون سے الشرَف پارک اور پرنس نایف بن عبدالعزیز پارک میں بھی اس مہم کو عملی شکل دے رہی ہے۔ پائیدار اقدامات مہم کے بنیادی اصولوں میں سفر سے پہلے منصوبہ بندی، موزوں جگہ پر کیمپنگ، کچرے کی مناسب تلفی، آگ جلانے کے اثرات میں کمی، جنگلی حیات کا احترام، فطری ماحول کو نقصان سے بچانا اور دیگر سیاحوں کا خیال رکھنا شامل ہیں۔

ماحولیاتی فنڈ کے سینئر نائب صدر برائے مارکیٹنگ و ابلاغ اور ترجمان فواز العنزی نے بتایا کہ یہ مہم فنڈ کے تعاون سے چلائی جا رہی ہے تاکہ عوام، سماجی تنظیموں اور افراد میں آگاہی پیدا کی جائے اور رضاکارانہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب کے سالم الدوسری پھر ایشیا کے بہترین فٹبالر بن گئے

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی فنڈ، مملکت میں ماحولیاتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے، جن میں تحقیق، جدت اور منصوبوں کی مالی معاونت شامل ہے۔ فنڈ کے انسینٹیوز اینڈ گرانٹس پروگرام کے تحت 16 مختلف شعبوں میں مالی امداد کے مواقع دستیاب ہیں، جن کے لیے فنڈ کی ویب سائٹ پر دیے گئے پلیٹ فارم کے ذریعے آسانی سے درخواست دی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp