پاکستان نے پاسپورٹ سے ’اسرائیل کے لیے ناقابل استعمال‘ کی شق ہٹانے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

جمعہ 31 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے جمعے کے روز بھارتی ٹی وی چینل ریپبلک ٹی وی کی اس جھوٹی خبر کو سختی سے مسترد کردیا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے مبینہ طور پر اپنے پاسپورٹ سے ’اسرائیل کے لیے ناقابل استعمال‘ کی شق ختم کردی ہے اور 20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا کی یہ خبر بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جو پاکستان کے خلاف منفی مہم کا حصہ ہے۔ بیان کے مطابق، یہ جھوٹے الزامات پاکستان کے مؤقف کو مسخ کرنے اور بین الاقوامی سطح پر گمراہ کن تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان نے آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، نہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کے فوجی یا سیاسی تعاون پر غور کیا جارہا ہے۔ اسی طرح ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے تصدیق کی کہ پاکستانی پاسپورٹس پر اسرائیل جانے پر پابندی سے متعلق شق بدستور موجود ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے مؤقف واضح اور غیر مبہم ہے اور پاکستان فلسطین کے حقِ خودارادیت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی حمایت پر قائم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی خبریں پاکستان کے اصولی مؤقف کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔

پاکستان نے عالمی میڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کو یقینی بنائے اور گمراہ کن اطلاعات کے پھیلاؤ سے گریز کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp