’وہ زندہ ہیں‘، دھرمیندر کی موت کی خبروں پر اہلِ خانہ کا سخت ردِعمل

منگل 11 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لیجنڈری اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ ہیما مالنی نے اپنے شوہر اور معروف فلم اسٹار دھرمیندر کی موت سے متعلق پھیلنے والی جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندہ ہیں اور صحتیاب ہو رہے ہیں۔

گزشتہ شب سوشل میڈیا پر دھرمیندر کے انتقال کی افواہیں تیزی سے گردش کرنے لگیں، جس کے بعد مداحوں اور فلمی دنیا میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم ہیما مالنی نے ان خبروں کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی جھوٹی اطلاعات پھیلانا ناقابلِ معافی عمل ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابلِ معافی ہے۔ ذمہ دار میڈیا ادارے کسی ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جو علاج کے دوران بہتری کی جانب گامزن ہے؟ یہ رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے ادبی پر مبنی ہے۔ براہ کرم خاندان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے‘۔

دوسری جانب دھرمیندر کی صاحبزادی ایشا دیول نے بھی انسٹاگرام پر ایک بیان میں افواہوں کی تردید کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے والد کی حالت مستحکم ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میڈیا بے بنیاد خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے والد کی صحت مستحکم ہے اور وہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔ ہم تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے خاندان کو پرائیویسی دی جائے۔ آپ سب کی دعاؤں کا شکریہ۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ESHA DEOL (@imeshadeol)

ذرائع کے مطابق، دھرمیندر کو گزشتہ روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں طبیعت ناساز ہونے پر داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں ڈاکٹروں کی خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

ہیما مالنی اور ایشا دیول دونوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور خاندان کو اس وقت سکون اور پرائیویسی فراہم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp