پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعے کے روز کاروبار کے پہلے حصے کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوپہر 12 بجے تک انڈیکس 172,379.98 پوائنٹس پر موجود تھا، جو 419.34 پوائنٹس یعنی 0.24 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں پر، انڈیکس 170,000 پوائنٹس کی حد عبورکرگیا
اہم شعبوں میں خریداری کا دباؤ دیکھا گیا جن میں سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور پاور جنریشن شامل ہیں۔
Market is up at midday 🚀
⏳ KSE 100 is positive by +395.68 points (+0.23%) at midday trading. Index is at 172,356.33 and volume so far is 125.85 million shares (12:00 PM) pic.twitter.com/aJ09hdmtLW— Investify Pakistan (@investifypk) December 19, 2025
انڈیکس پر زیادہ اثر ڈالنے والے حصص مثلاً حبکو، پی ایس او، ایس این جی پی ایل، ماری، او جی ڈی سی، پول، پی پی ایل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک اور نیشنل بینک سبز نشان میں ٹریڈ ہوتے رہے۔
کارپوریٹ محاذ پر رفان مائز پروڈکٹس کمپنی لمیٹڈ نے اعلان کیا کہ نشاط گروپ سے منسلک اداروں اور میاں منشا خاندان کے ارکان کی جانب سے کمپنی کا کنٹرول حاصل کرنے اور ووٹنگ شیئرز کے 75.69 فیصد تک حصص خریدنے کے لیے سنجیدہ ارادے کا اظہار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، آئی ایم ایف ادائیگی کی امید پر 500 پوائنٹس کا اضافہ
گزشتہ روز یعنی جمعرات کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تھی، جب انڈیکس تاریخی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز یعنی پی آئی بیز کی شرح منافع میں کمی، حوصلہ افزا معاشی اشاریے اور مختلف شعبوں میں انضمام و خریداری کی سرگرمیوں نے مارکیٹ کو سہارا دیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1,646.79 پوائنٹس یعنی 0.97 فیصد بڑھا۔

عالمی سطح پر ایشیائی مارکیٹس میں بھی جمعے کے روز بہتری دیکھی گئی، جہاں ٹیکنالوجی شیئرز میں بحالی کے باعث وال اسٹریٹ کی تیزی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا۔
تاہم جاپان کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشے نے کرنسی اور بانڈ مارکیٹس کے لیے بے یقینی برقرار رکھی۔
جاپان میں توقع کی جا رہی ہے کہ بینک آف جاپان شرح سود میں ایک چوتھائی فیصد اضافہ کر کے اسے 0.75 فیصد تک لے جائے گا، جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
جنوبی کوریا کا انڈیکس بھی 1.2 فیصد بڑھا، جس کی وجہ چِپ ساز کمپنی مائکرون ٹیکنالوجی کے شاندار نتائج قرار دیے گئے۔
جاپان کے علاوہ ایشیا پیسفک خطے کے ایم ایس سی آئی انڈیکس میں 0.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔














