ڈکی بھائی کی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور گیجٹس کی تحویل سے متعلق درخواست مسترد

منگل 23 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کو ایک بار پھر قانونی محاذ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، مقامی عدالت نے ان کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ضبط شدہ گیجٹس کی تحویل سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے ڈکی بھائی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ ڈکی بھائی نے اپنے موبائل فونز، یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بحالی اور تحویل مانگی تھی، تاہم عدالت نے یہ اشیا مزید تفتیش کے لیے فی الحال سرکاری تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیے: جیل سے رہائی کے بعد پہلے وی لاگ سے کتنی آمدنی ہوئی، یوٹیوبر ڈکی بھائی کا بڑا انکشاف

تاہم عدالت نے تفتیش کے دوران ضبط کی گئی 19 دیگر اشیا ڈکی بھائی کے حوالے کرنے کا حکم بھی دیا۔ ان اشیا میں بینک کارڈز، قومی شناختی کارڈز، لیپ ٹاپ بیگ اور کیمرا شامل ہیں۔

ادھر ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے ڈکی بھائی کی اہلیہ ارووب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 6 جنوری تک توسیع کر دی۔ ارووب جتوئی عدالت میں اپنے شوہر کے ہمراہ پیش ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیے: ڈکی بھائی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا دیے

واضح رہے کہ ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ گزشتہ چند ماہ سے مبینہ طور پر جوئے کی ایپ کی تشہیر کے کیس میں زیرِ تفتیش ہیں۔ 26 نومبر کو 28 سالہ سوشل میڈیا اسٹار کو ضمانتی دستاویزات کی منظوری کے بعد لاہور کی کیمپ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp