ممتا بینرجی کا امیت شاہ سے استعفے کا مطالبہ، کشمیر اور دہلی حملوں پر سوالات

بدھ 31 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے کشمیر اور دہلی میں ہونیوالے دہشت گرد حملوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے وزیرِ داخلہ کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

ممتا بینرجی نے بانکورا ضلع میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی دعویٰ کرتی ہے کہ درانداز صرف بنگال میں ہیں اور کشمیر میں نہیں تو پھر پہلگام حملہ کس نے کیا۔

 یہ بھی پڑھیں: بھارتی رہنما ممتا بینرجی نے پلوامہ حملے کا راز فاش کر دیا

’آپ کہتے ہیں درانداز صرف بنگال میں ہیں، تو دہلی میں کیا ہوا، دھماکے کا ذمہ دار کون تھا، وزیرِ داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہیے، اگر نہیں دیں گے تو عوام آپ کو اقتدار سے ہٹا دیں گے۔‘

اس سے قبل کولکتہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا تھا کہ ممتا بینرجی کی قیادت میں مغربی بنگال حکومت اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کے لیے پالیسی کے طور پر دراندازی کی اجازت دے رہی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے ریاستی حکومت پر بنگلہ دیش سرحد پر باڑ لگانے کے لیے زمین فراہم نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

زمین کی الاٹمنٹ

وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے مرکزی ایجنسیوں کو زمین فراہم نہ کرنے کے الزام کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا مختلف منصوبوں کے لیے مغربی بنگال حکومت پہلے ہی مرکزی اداروں کو زمین الاٹ کر چکی ہے۔

’میں نے وافر مقدار میں زمین دی ہے، لیکن جن علاقوں میں زمین دی گئی وہاں کام ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔‘

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کے حق میں بیان دینے پر آئی سی سی چیئرمین جے شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا رانی گنج، جمیوریا اور بانکورا میں زمین نہیں دی گئی، بونگاؤں میں پیٹراپول کے لیے زمین نہیں دی گئی، اندل ایئرپورٹ کے لیے زمین نہیں دی گئی، پھر تارکیشور–بشنوپور ریلوے لائن کس نے بنائی؟

’کیا یہ ممتا بینرجی کے زمین دیے بغیر بن گئی؟ اگر زمین نہیں دی گئی تو ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ کو کوئلہ نکالنے کے لیے زمین کہاں سے ملی۔‘

مزید پڑھیں: بھارت میں گرفتار ہونے والے سارے جاسوس پاکستانی چاکلیٹ کیوں کھاتے ہیں؟

ممتا بنرجی نے وزیرِ داخلہ کے اس دعوے کا بھی مذاق اڑایا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں مغربی بنگال میں 2 تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے یہ کہتے تھے کہ 200 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے، اب اسپیشل انٹینسیو ریویژن آزما رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا بھارت آپریشن سندور جیت گیا تھا؟ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ اپنی ہی ٹیم کے کھلاڑیوں پر برس پڑے

وزیرِ اعلیٰ کے مطابق ایس آئی آر کے عمل کے دوران تقریباً 58 سے 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور اعلان کیا کہ ہر ضلع میں ان افراد کی یاد میں ایک یادگار قائم کی جائے گی۔

ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بینرجی نے بھی دراندازی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر بین الاقوامی سرحد کے ذریعے دراندازی ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری وزیرِ داخلہ پر عائد ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں نئی قانون سازی اور مزید فوجی تعیناتی

انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کو اپنی ہی پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ جگن ناتھ سرکار اور اننت مہاراج کی باتیں سننی چاہییں۔

ادھر ایک اور پریس کانفرنس میں امیت شاہ نے ابھیشیک بینرجی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کی حکومت نے سنڈیکیٹ اور کٹ منی کو فروغ دیا ہے، اور یہاں صرف ’بھائی پو‘ یعنی بھتیجے کو کمانے کا حق ہے، کسی اور کو نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp