امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محصولات (ٹیرف) کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اس کشیدگی کو کم کیا۔ فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘میں نے 8 جنگیں ختم کرائیں، جن میں سے کم از کم 6 ٹیرف کی وجہ سے رکیں۔ میں نے کہا اگر تم جنگ بند نہیں کرو گے تو میں تم پر ٹیرف عائد کر دوں گا، کیونکہ میں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھنا چاہتا۔’
یہ بھی پڑھیے: پاک بھارت 4 روزہ جنگ: انڈیا نے لڑائی سے جان چھڑانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ سے مدد لی، ’دی ہندو‘ کے اہم انکشافات
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ تھی اور ان کے بقول یہ جوہری جنگ میں تبدیل ہو سکتی تھی۔ ‘وہ واقعی آمنے سامنے تھے، 10 طیارے مار گرائے گئے تھے، حالات بہت سنگین تھے۔’
امریکی صدر نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے جوہری جنگ روکنے میں ان کے کردار کو سراہا اور اعتراف کیا کہ میں نے خطے میں کشیدگی کم کرا کے کم از کم ایک کروڑ جانیں بچائیں۔
یہ بھی پڑھیے: مودی کو فون پر بتا دیا کہ پاکستان اور انڈیا کی جنگ نہیں ہونی چاہیے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 3 دہائیوں سے جاری تنازع کو ڈیڑھ دن میں ختم کرایا۔ ان کے مطابق انہوں نے متعلقہ ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکا تجارتی اقدامات کرے گا۔












