خواتین کرکٹ ٹیم کے کوآرڈینیٹر پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات، تحقیقات شروع

بدھ 25 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ میں تاریخی ڈیبیو کے چند روز بعد اٹلی کی کرکٹ ایک سنگین تنازع کی زد میں آ گئی ہے۔ خواتین ٹیم کی ایک کھلاڑی نے خواتین کرکٹ کے کوآرڈینیٹر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں، جس کے بعد متعلقہ اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔

فیڈریشن کی تصدیق اور فوری کارروائی

اطالوی کرکٹ بورڈ (ایف سی آر آئی) نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ الزامات کی تحقیقات فیڈرل پراسیکیوٹر کے زیرِ نگرانی جاری ہیں۔

بیان کے مطابق 2025 کے دوران فیڈریشن کی صدر نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے، کھلاڑیوں اور دیگر متعلقہ افراد کے تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے، مذکورہ شخص کو تمام وفاقی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں سے فوری اور احتیاطی طور پر معطل کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیے  وہ مجھے گلے لگانے کی کوشش کرتے، بنگلادیشی کرکٹر جہاں آرا عالم کے سابق سلیکٹر پر سنگین الزامات

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حتمی اور مکمل جانچ پڑتال تک احتیاطاً اٹھایا گیا ہے تاکہ کھیل کے ماحول کی سالمیت برقرار رہے اور تمام حقائق مناسب فورمز پر، شخصی وقار، ضابطۂ کار اور بے گناہی کے اصول کے احترام کے ساتھ سامنے آ سکیں۔

رپورٹس کے مطابق خواتین کرکٹ کے کوآرڈینیٹر پرباتھ اکنلی گوڈا کے وکیل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے موکل کے خلاف لگائے گئے الزامات کے پیچھے ’مذموم مقاصد‘ کارفرما ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوران موجودگی

ایف سی آر آئی کے میڈیا منیجر رقبیر حسن نے ایک ویب سائٹ کو بتایا کہ اکنلی گوڈا بورڈ کی صدر ماریہ لورینا کے ہمراہ بھارت اور سری لنکا میں منعقدہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران سفر پر تھے، تاہم ان کے پاس کوئی باضابطہ ذمہ داری نہیں تھی۔

فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ اس وقت معاملہ فیڈرل پراسیکیوٹر کے دفتر میں زیرِ سماعت ہے، جو کھیلوں کے ضوابط کے تحت جائزہ اور تحقیقات کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔

یہ بھی پڑھیے بھارت: جنسی ہراسانی کے خلاف نمایاں خواتین ریسلرز کا دھرنا دو ہفتے بعد بھی جاری

اطالوی کرکٹ کے لیے یہ معاملہ ایک اہم آزمائش قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ عالمی ایونٹ میں شرکت کے بعد کھیل کو ملک میں نئی توجہ ملی تھی، تاہم اس تنازع نے انتظامی ڈھانچے اور نظم و ضبط پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp