اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ کھنہ کی حدود میں ایک پولیس ٹیم پر راہزنوں کی فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائیوں میں اہم کامیابیاں، منظم جرائم کے متعدد مقدمات حل
ملزم کا تعلق مشہور گروہ ’کاٹا گینگ‘ سے تھا اور وہ راہزنی کے 45 سے زائد مقدمات میں پہلے بھی ملوث رہا ہے۔ پولیس ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ملزمان علاقے میں موجود ہیں، جس پر گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی۔
راستے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ تاہم پولیس افسران بلٹ پروف جیکٹ اور حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے۔ فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا جسے گرفتار کر کے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل، اسلحہ معہ ایمونیشن اور قیمتی موبائل فون برآمد ہوئے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کا خواتین کے لیے ’آئی ٹی پی اڑان سکوٹی اینڈ موٹررائیڈنگ سکول‘ کا افتتاح
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد راہزنی کے مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ باقی ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہیں۔














