کیا شعیب ملک اداکارہ ونیزا ستار سے شادی کرنے جا رہے ہیں؟

جمعرات 26 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق وہ 27 فروری کو معروف پاکستانی اداکارہ ونیزہ ستار سے شادی کرنے والے ہیں۔

تاہم نہ شعیب ملک اور نہ ہی ونیزا ستار کی جانب سے ان خبروں کی کوئی باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے آئی ہے۔ اس کے باوجود یہ افواہیں تیزی سے پھیل رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے اور شدید ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کیا یہ شعیب ملک کی چوتھی شادی ہوگی؟

اگر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں درست ثابت ہوئیں تو یہ شعیب ملک کی چوتھی شادی ہوگی۔

شعیب ملک کی پہلی شادی 2002 میں عائشہ صدیقی سے ہوئی تھی، جو تقریباً 8 سال بعد طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد 2010 میں انہوں نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کی۔

یہ جوڑا ایک دہائی سے زائد عرصے تک ساتھ رہا، تاہم 2024 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔ ان کا ایک بیٹا بھی ہے جو اس وقت ثانیہ مرزا کے ساتھ رہتا ہے۔

ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے کچھ ہی عرصے بعد شعیب ملک نے 20 جنوری 2024 کو پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کر لی تھی۔ اس شادی کے حوالے سے کسی باضابطہ اختلاف یا علیحدگی کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ونیزا ستار کون ہیں؟

ونیسا ستار ایک ابھرتی ہوئی پاکستانی ٹی وی اداکارہ ہیں، جو حالیہ عرصے میں اپنی اداکاری کی وجہ سے توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ وہ ’لاڈلی‘ نامی ڈرامہ سیریل میں اپنی کارکردگی کے باعث نمایاں ہوئیں، جو ہم ٹی وی  پر نشر ہوا۔

ڈرامہ ’لاڈلی‘ میں انہوں نے ’نازو‘ کا کردار ادا کیا، جو 3 بھائیوں کی لاڈلی اور قدرے منفی مزاج رکھنے والی چھوٹی بہن ہے۔ منفی کردار کی مؤثر عکاسی پر انہیں ناظرین کی جانب سے سراہا گیا اور وہ نئے اداکاروں میں نمایاں ہونے میں کامیاب رہیں۔

ونیزا ستار کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے گریجویشن مکمل کی۔ وہ ایک مستحکم مالی پس منظر رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وہ اکثر اپنی فیملی کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں، حقیقت کیا ہے؟

تاحال شعیب ملک یا ونیزا ستار کی جانب سے شادی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کی صداقت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ شعیب ملک کی نجی زندگی سے متعلق افواہیں خبروں کی سرخی بنی ہوں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا یہ خبریں حقیقت کا روپ دھارتی ہیں یا محض سوشل میڈیا کی ایک اور قیاس آرائی ثابت ہوتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp