کولیجن سپلیمنٹس جلد کی لچک بہتر بناتے ہیں مگر کیا جھریاں بھی ختم ہوجاتی ہیں؟

پیر 2 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک نئی سائنسی جائزہ رپورٹ کے مطابق روزانہ کولیجن سپلیمنٹس کا استعمال جلد کی لچک اور نمی میں اضافہ کر کے اسے تروتازہ بنا سکتا ہے تاہم یہ جھریوں کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتا۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی عمر کا چہرہ قبول کرنا مشکل کیوں، اس کو جاذب نظر کیسے بنایا جائے؟

ماہرین نے دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ وہ اس بات پر کافی حد تک پُراعتماد ہیں کہ اگر کولیجن گولیاں یا پاؤڈر مستقل بنیادوں پر استعمال کیے جائیں تو جلد کو کچھ حقیقی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، لیکن یہ فوری نتائج دینے والا حل نہیں ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ سپلیمنٹس جوڑوں کے درد، گٹھیا کی تکلیف اور جسمانی گھساؤ سے پیدا ہونے والی سختی میں بھی کمی لا سکتے ہیں۔ یہ نتائج 113 مختلف مطالعات پر مبنی ہیں جن میں تقریباً 8 ہزار افراد شامل تھے۔

کولیجن ایک قدرتی پروٹین ہے جو انسانی جسم خود بناتا ہے تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ اس کی مقدار کم ہوتی جاتی ہے۔ یہ جلد، ناخن، ہڈیوں اور جوڑنے والے بافتوں (جیسے کنڈرا اور غضروف) کو مضبوطی اور سہارا فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیے: ’سابق مس انڈیا کو شوہر نے دھمکی دی کہ تمہارا چہرہ بگاڑ دوں گا‘، وکیل کا انکشاف

ماہرین کے مطابق ابتدائی جوانی کے بعد جسم میں کولیجن کی پیداوار بتدریج کم ہو جاتی ہے جبکہ موجودہ کولیجن بھی تیزی سے ٹوٹنے لگتا ہے۔ سگریٹ نوشی اور دھوپ کا زیادہ سامنا اس عمل کو مزید تیز کر دیتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ مینوپاز کے دوران خواتین کی جلد میں کولیجن کی مقدار میں نمایاں کمی آتی ہے اور بعض اوقات تقریباً ایک تہائی کولیجن کم ہو جاتا ہے۔ یہ نتائج جریدہ ایستھیٹک سرجری جرنل اوپن فورم میں شائع ہوئے ہیں۔

مارکیٹ میں مختلف اقسام کے کولیجن سپلیمنٹس دستیاب ہیں جن میں سمندری ذرائع سے حاصل کردہ، گائے سے حاصل کردہ اور ویگن (پودوں پر مبنی) سپلیمنٹس شامل ہیں۔ تاہم اس جائزے میں یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کون سی قسم زیادہ مؤثر ہے۔

یہ تحقیق اینگلیا رسکن یونیورسٹی کے ماہرین نے کی۔ ان کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹس سے متعلق کئی مطالعات کو خود سپلیمنٹ انڈسٹری نے مالی معاونت فراہم کی جس کے باعث بعض اوقات مبالغہ آمیز دعوے بھی سامنے آئے۔ تاہم اس جائزہ تحقیق کو صنعت کی جانب سے کوئی فنڈنگ حاصل نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: ایک سپلیمینٹ جو جارحانہ رویے کی شدت کم کردیتا ہے

تحقیق کے مرکزی محقق پروفیسر لی اسمتھ نے کہا کہ یہ مطالعہ اب تک کولیجن سپلیمنٹس سے متعلق مضبوط ترین شواہد کو یکجا کرتا ہے۔ کولیجن کوئی جادوئی علاج نہیں لیکن باقاعدہ اور طویل استعمال سے جلد اور جوڑوں کی صحت میں قابلِ اعتبار فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تحقیق نے صحت مند بڑھاپے سے متعلق اہم پہلوؤں میں بہتری ظاہر کی ہے اور اس کے بارے میں پائے جانے والے بعض غلط تصورات کو بھی واضح کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کولیجن کو صرف اینٹی رِنکل (جھریاں ختم کرنے والا) علاج سمجھنے کے بجائے عمر رسیدہ اور دھوپ سے متاثرہ جلد کی مجموعی دیکھ بھال کے تناظر میں دیکھنا زیادہ مناسب ہوگا۔

برطانوی نیوٹریشن فاؤنڈیشن کی غذائی ماہر بریجٹ بینیلَم کے مطابق جلد کی صحت میں متوازن غذا بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وٹامن سی کولیجن کی تیاری میں مدد دیتا ہے، لہٰذا ترش پھل، بیریز، سبز سبزیاں، شملہ مرچ اور ٹماٹر کا استعمال مفید ہو سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اسی طرح زنک، جو گوشت، مرغی، پنیر، بعض سمندری غذاؤں، گری دار میووں اور ثابت اناج میں پایا جاتا ہے، بھی کولیجن کی پیداوار میں معاون ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر کولیجن سپلیمنٹس حیوانی ذرائع سے تیار کیے جاتے ہیں اس لیے وہ ویگن افراد کے لیے موزوں نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جسم خوراک میں موجود پروٹین سے حاصل شدہ امینو ایسڈز کی مدد سے خود بھی کولیجن بنا سکتا ہے اس لیے دالیں اور پھلیاں بھی مفید ثابت ہو سکتی ہیں اور ویگن سپلیمنٹس بھی دستیاب ہیں۔

برٹش ایسوسی ایشن آف ڈرماٹولوجسٹس کی صدر ڈاکٹر تمارا گریفتھس نے تحقیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں مزید مضبوط اور ہدفی جلدی مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ ان نتائج کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: مصنوعی ذہانت ہمارا دماغ پڑھ لینے کے نزدیک، کیا یہ ہمارے لیے قابل قبول ہوگا؟

ماہرین کے مطابق اگرچہ کولیجن بڑھتی عمر کے اثرات کو مکمل طور پر روک نہیں سکتا تاہم جلد کی لچک، نمی اور مجموعی صحت میں بہتری لا کر نسبتاً جوان نظر آنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

بنگلہ دیش نے برطانیہ سے پولیس اصلاحات اور روہنگیا مسئلے میں تعاون کی درخواست کردی

دبئی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر، ٹوکیو سے آنے والی ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز بھارتی ایئرپورٹ پر اتری

کراچی: جسم فروشی کے لیے 33 خواتین کو بیرون ملک بھجوانے کی کوشش ناکام بنادی گئی

وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا

پاکستان کے پاس تیل کے ذخائر کتنے اور معیشت کی صورتحال کیا، وزرارت خزانہ نے بتادیا

ویڈیو

اسلام آباد کا عید بازار جہاں خواتین کے لیے رنگ برنگے اسٹالز موجود ہیں

وی ایکسکلوسیو، شہباز شریف عوام کو ریلیف بجٹ دیں اور بتائیں کہ موجودہ مشکلات ختم ہوجائیں گی: خرم دستگیر

کیا آپ کی غلطیاں آپ کو جینے نہیں دے رہیں، دل کو ری سیٹ کیسے کریں؟

کالم / تجزیہ

پاک افغان تعلقات: ایک پہلو یہ بھی ہے

صحافت کا افتخار اور فیض صاحب کا مرثیہ

کھلے دل سے اعتراف اور قصہ ’رمضان عیدی‘کا