کراچی میں موسلا دھار بارش: بچی سمیت 6 افراد جاں بحق، سیلابی صورتحال

جمعرات 2 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 شدید بارش کے باعث کراچی میں ایک بچی سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے جبکہ شہریوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ، مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، انتظامیہ الرٹ

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے کے واقعات شامل ہیں جو جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے دوران پیش آئے۔

پی آئی بی کالونی کے قریب پوسٹ آفس اور کوئٹہ ہوٹل کے علاقے میں 30 سالہ عبد الولی بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے باعث جان کی بازی ہارگئے۔ ان کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ او رانا اجمل کا کہنا ہے کہ زیادہ تر امکان یہی ہے کہ موت کرنٹ لگنے سے ہوئی۔

اسی طرح سائٹ سپرہائی وے کے احسان آباد سیکٹر 3 میں 35 سالہ شہاب الدین دکان کی وائرنگ ٹھیک کرتے ہوئے برقی جھٹکے سے جاں بحق ہوئے۔ ان کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

مزید پڑھیے: کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی، ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ

سرجانی ٹاؤن کے حسن بروہی گوٹھ میں 23 سالہ سریاج بھی برقی جھٹکے سے جان سے گئے جبکہ 12 سالہ دعا بتول اپنے گھر میں کھلی تاروں سے ٹکرانے کے باعث جان سے چلی گئی۔

پرانا گولیمار میں بسم اللہ ہوٹل اور انور بیکری کے قریب 2 منزلہ عمارت کی دیوار رکشہ پر گرنے سے ڈرائیور 50 سالہ ارشد علی موقعے پر جاں بحق ہوگئے۔

بچے زخمی

اورنگی ٹاؤن میں گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں کی شناخت رحمان (7)، قاسم (13) اور امیر معاویہ (14) کے طور پر ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں ریکارڈ

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں 69.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کیماڑی میں 56 ملی میٹر اور بحریہ ٹاؤن میں 43.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں ایمرجنسی کیمپ قائم کیے گئے اور انتظامیہ چوکس ہے تاکہ شہریوں کی فوری مدد کی جا سکے۔

بارش کے باعث ٹریفک بھی شدید متاثر ہوئی، شاہراہ فیصل، نیشنل اسٹیڈیم، رشید منہاس روڈ، کورنگی روڈ اور دیگر اہم راستوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔

کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو برقی تاروں سے دور رہنے اور رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی کے میئر مرزا مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ تیز بارش کے دوران شکایات کے فوری ازالے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پاکستان موسمیاتی ادارے کے مطابق ایک نیا ویسٹرن سسٹم بلوچستان کے راستے کراچی میں داخل ہو رہا ہے اور شہر میں جمعے کے روز بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان برقرار ہے۔ سندھ میں موجودہ سسٹم 4 اپریل تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ضلعی اور بلدیاتی حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے، کمزور دیواروں اور زیر تعمیر عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں حساس مقامات پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

مزید پڑھیں: کراچی: فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن، کم عمر ڈرائیور ڈی آئی جی پولیس کی موجودگی میں فرار

سندھ کے سینیئر وزیر شارجیل انعام میمن نے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp