بچوں پر تشدد کے خلاف عالمی دن: مقبوضہ کشمیر میں صورت حال ہولناک

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دُنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت آج 4 جون کو جارحیت کا شکار معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن اسی عالمی منظرنامہ پر بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر کے بچے نا صرف اس حق سے محروم ہیں بلکہ وہ بھارتی جبر و تسلط میں اپنی ہر خوشی تک بھول گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے شعبہ تحقیق کی طرف سے 4 جون اتور کوجارحیت کا شکار مصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پرایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن’کشمیری بچوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا کیوں کہ انہیں مسلسل بھارتی جبر و تسلط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

5 اگست 2019 کے بعد بچوں پر تشدد کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد جب مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور علاقے کا فوجی محاصرہ کر لیا، اس کے بعد سے اب تک کشمیری بچوں کے خلاف بھارتی جارحیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا کھلے عام بچوں پر تشدد

بھارتی افواج کے جنسی و ظالمانہ تشدد سے سینکڑوں بچے شہید ہوئے

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی مقبوضہ جموں کشمیرمیں بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنارہے ہیں، انہیں جیلوں میں ڈال رہے ہیں ان پر ظالمانہ تشدد کر کے قتل کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 33 سال کے دوران فوجیوں کے ہاتھوں سینکڑوں بچے شہید ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں 1990سے اب تک ہزاروں بچے اپنے والدین سے محروم ہو چکے ہیں اور بھارتی فوجیوں کی پیلٹ گن فائرنگ سے سینکڑوں بچے اپنی بینائی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں خواتین اور بچے مودی حکومت کی انسانیت سوز پالیسیوں کا سب سے زیادہ شکار ہیں جبکہ جنوری 1989سے 31مئی 2023تک 22ہزار960خواتین بیوہ اور 1 لاکھ 7ہزار903بچے یتیم ہوچکے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں سے بچے نفسیاتی مریض بننے لگے

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں بچوں پر بھارتی فوجیوں کے جبر و تشدد سے ان کی صحت اور تندرستی پر تاحیات انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں کیوں کہ علاقے میں بچے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو اپنی آنکھوں کے سامنے قتل ہوتے دیکھ کر زندگی بھر کے صدمے کا شکار ہوجاتے ہیں۔

عالمی دن پر دُنیا بھارتی مظالم کا شکار بچوں کو نظرانداز نہ کرے: رپورٹ

 رپورٹ میں دنیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جارحیت کا شکار معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پرکشمیری بچوں کی حالت زار کو فراموش نہ کرے۔ اس دن کو منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیری بچوں کو بھارتی جارحیت سے نجات دلائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp