ملک بھر کی طرح سکردو میں بھی سانحہ گیاری کے شہدا کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی، جہاں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ 7 اپریل 2012 کو سکردو میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں ایک خوفناک برفانی تودہ اچانک فوجی ہیڈکوارٹر پر آ گرا تھا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 139 جوان اور افسران شہید ہو گئے تھے۔ یہ سانحہ اپنی نوعیت کا انتہائی المناک واقعہ تھا، جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: اٹلی: ’میری فوج، میرا پاکستان‘ کنونشن، اوورسیز پاکستانیوں کا پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی
دنیا بھر کے ماہرین اور سرچ ٹیموں نے شدید موسمی حالات، منفی درجہ حرارت اور دشوار گزار علاقے کے باعث شہدا کے جسد خاکی کی تلاش کو ناممکن قرار دے دیا تھا۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی۔
بعد ازاں عزم، حوصلے اور قربانی کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے پاک فوج نے اپنے شہدا کے جسد خاکی نکال کر انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ قوم کے حوالے کیا۔
سکردو میں منعقدہ تقریبات کے دوران شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور پاک فوج کو اس کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔














