ملکی معیشت کے اہم اشاریے توقعات سے زیادہ تیزی سے بہتر ہوئے، گورنر اسٹیٹ بینک

ہفتہ 18 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے عالمی مالیاتی اور سرمایہ کاری اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں میں کہا ہے کہ ملکی معیشت کے اہم اشاریے توقعات سے زیادہ تیزی سے بہتر ہوئے ہیں، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے نئے خطرات کو جنم دیا ہے اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ کیا ہے۔

ان کے بقول اس کے باوجود پاکستان کی معیشت ماضی کے بحرانوں کے مقابلے میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نسبتاً زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا بات چیت کا پاکستان کی معیشت پر کیا اثر پڑے گا؟

یہ ملاقاتیں 13 سے 18 اپریل 2026 کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے موسمِ بہار اجلاس کے موقع پر ہوئیں، جن میں جے پی مورگن، بارکلیز، سٹی بینک، جیفریز، فرینکلن ٹیمپلٹن سمیت فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل جیسی عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندے شریک تھے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کی قیادت سے علیحدہ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

جمیل احمد نے شرکا کو بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی سے پہلے پاکستان نے معیشت کے استحکام میں نمایاں پیش رفت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ محتاط مالیاتی اور مانیٹری پالیسیوں نے مہنگائی کو ہدف کے قریب رکھنے میں مدد دی اور ساتھ ہی مالیاتی و بیرونی ذخائر کو بھی تقویت ملی۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 5.7 فیصد رہی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں رہا۔ اس دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 16.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جس میں بنیادی کردار انٹربینک مارکیٹ سے ڈالر کی خریداری کا رہا۔

ان کے مطابق مسلسل خریداری اور سرکاری رقوم کی آمد، خصوصاً نئے دوطرفہ معاہدوں کے تحت جون 2026 تک ذخائر کو قریباً 18 ارب ڈالر تک لے جا سکتی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ بہتر معاشی استحکام کے نتیجے میں ترقی کا عمل بتدریج اور وسیع بنیادوں پر بحال ہو رہا ہے، جس کا ثبوت مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں حقیقی جی ڈی پی کی 3.8 فیصد شرح نمو ہے، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 1.8 فیصد تھی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معاشی بنیادیں اب 2022 کے اوائل میں روس یوکرین تنازع جیسے بیرونی جھٹکوں کے وقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی مضبوطی ملک کو مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال سے پیدا ہونے والے اثرات، جیسے توانائی کی عالمی قیمتوں، فریٹ اور انشورنس لاگت میں اضافے، کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

جمیل احمد نے واضح کیاکہ اسٹیٹ بینک اور حکومت قیمتوں کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی بدستور محتاط ہے، حقیقی پالیسی ریٹ مثبت سطح پر ہے جبکہ حکومت نے بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کرنے کے ساتھ ہدفی سبسڈیز اور کفایت شعاری اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں۔

انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت توسیعی فنڈ سہولت کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی سہولت کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدے، اور ایک بڑی عالمی ایجنسی کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ کی توثیق کو پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کا اظہار قرار دیا۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ جنگ عالمی معیشت کے لیے خطرہ، شرحِ نمو اور مہنگائی پر شدید اثرات متوقع، سربراہ ورلڈ ورلڈ بینک

علاوہ ازیں گورنر اسٹیٹ بینک نے ترسیلات زر اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ روڈ شو کے دوران اوورسیز پاکستانیوں اور عالمی شراکت داروں سے بھی رابطہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع رقوم 12.4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ کھاتوں کی تعداد 9 لاکھ 17 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آر ڈی اے کے ریگولیٹری فریم ورک میں حالیہ اصلاحات، خصوصاً غیر مقیم اداروں کی شمولیت، پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام سے مزید جوڑنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

معروف ریپر اینڈی روس کا ریاست پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

افغان کرکٹر راشد خان کا بھارت اور آسٹریلیا کی شہریت ٹھکرانے کا انکشاف

پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، غزہ سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

امریکا میں جنونی شخص کی فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 8 بچے ہلاک

کراچی: ایرانی کرنسی کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار، ڈیڑھ ارب ریال برآمد

ویڈیو

معروف ریپر اینڈی روس کا ریاست پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

کیا امریکا اور ایران کے درمیان ڈیل ہوگی یا خطہ ایک بار پھر جنگ کی طرف جائےگا؟

مذاکرات کا دوسرا دور: دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات، میرے نمائندے اسلام آباد جارہے ہیں، صدر ٹرمپ

کالم / تجزیہ

پاکستان مسلم دنیا کا قائد اور اقوام عالم میں قابل اعتبار ثالث

مطالعہ پاکستان : بنیان مرصوص ایڈیشن

امریکا ایران مذاکرات: کیا ہونے جا رہا ہے؟