ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن نے وفاقی دارالحکومت کی مشہور پہاڑی ٹریلز کو عام عوام کے لیے بند کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس حکم نامے کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سید پور گاؤں کے پیچھے واقع ٹریلز 20 اپریل 2026 سے اگلے حکم تک مکمل طور پر بند رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ٹریلز پر جانے سے پہلے یہ 5 کام ضرور کریں!
نوٹیفکیشن کی کاپیاں آئی جی پولیس، چیئرمین سی ڈی اے، وزارتِ داخلہ اور وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھجوا دی گئی ہیں تاکہ اس پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
انتظامہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید احکامات تک ان ٹریلز کا رخ کرنے سے گریز کریں۔
Trail 2, 3, 4, 5 and the trail behind Saidpur Village closed for the public from April 20, 2026 until further orders, Thank you pic.twitter.com/WiuSpuRZ8z
— DC Islamabad (@dcislamabad) April 19, 2026
یاد رہے کہ یہ حکمنامہ اور اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش کی موجودہ صورتحال براہ راست شہر میں جاری اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں اور غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت سے جڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ نے ریڈ زون سمیت شہر کے اہم داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارشوں کے باعث مارگلہ ہلز کے ٹریلز عوام کے لیے بند
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے کے مختلف حصوں کو عام آمد و رفت کے لیے محدود کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل کے طور پر شہریوں کو مارگلہ روڈ اور نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے تاکہ وفود کی محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنایا جاسکے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایران سے مذاکرات کے لیے پیشگی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں،خصوصی طیاروں کے ذریعے آنے والی امریکی ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم اپنے ہمراہ لاجسٹک سامان اور متعدد گاڑیاں بھی لائی ہے، جو آئندہ مذاکراتی عمل کے دوران استعمال میں لائی جائیں گی۔













