ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید نے امریکی خاتون کو ’ہم شکل‘ کے معمے میں الجھا دیا

بدھ 22 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست انڈیانا میں ایک خاتون اس وقت حیرت زدہ رہ گئیں جب ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے دوران ‘فیس ریکگنیشن’ سافٹ ویئر نے انہیں ان کی ایک ہم شکل خاتون کی موجودگی کی بنا پر روک دیا۔

اینڈرسن کی رہائشی ایریکا براؤن بیورو آف موٹر وہیکل میں اپنے لائسنس کی تجدید کروا رہی تھیں کہ سافٹ ویئر نے سسٹم میں دھوکہ دہی کا الرٹ جاری کردیا۔ اس کے بعد فراڈ اینڈ سیکیورٹی انفورسمنٹ کے ایک تفتیش کار نے ان سے رابطہ کیا اور لائسنس جاری کرنے سے پہلے ان کی شناخت کے مزید ثبوت طلب کیے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی کس نے خریدی؟ 3 ہم شکل بھائیوں کو دیکھ کر شوروم مالک پریشان

افسر نے ایریکا کو 2 تصاویر ساتھ رکھ کر دکھائیں، جن میں سے ایک ان کی اپنی تھی اور دوسری انڈیانا کی ہی ایک دوسری خاتون کی تھی جس کی عمر بھی ایریکا جتنی ہی تھی، لیکن نام اور پتا بالکل مختلف تھا۔ ایریکا کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان مشابہت اتنی حیرت انگیز تھی کہ وہ خود بھی دنگ رہ گئیں۔

ایریکا نے میڈیا کو بتایا، ’اس بات کے کتنے امکانات ہیں کہ ہم اتنے مشابہہ نظر آئیں، ایک ہی جگہ پر رہتے ہوں اور کبھی ایک دوسرے سے ملے نہ ہوں؟ میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں، اس لیے میرا کوئی ایسا بہن بھائی نہیں جو مجھ جیسا دکھتا ہو۔‘

یہ بھی پڑھیں: ’ٹرمپ ساہیوال میں‘، امریکی صدر کے ہم شکل بگا قلفیاں والا نے دھوم مچادی

3 ماہ کی طویل تحقیقات اور شناخت کی تصدیق کے بعد ایریکا کا لائسنس تو جاری کردیا گیا، لیکن اب انہوں نے اپنی اس ’ہم شکل‘ کو تلاش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر روزانہ اپنی تلاش کے حوالے سے اپ ڈیٹ شیئر کر رہی ہیں۔

ایریکا کا کہنا ہے کہ وہ اس خاتون سے ملنا چاہتی ہیں اور یہ جاننا چاہتی ہیں کہ جینیاتی طور پر ایسا کیسے ممکن ہوا کہ کوئی اجنبی ان کا ہم شکل نکلا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp